شام میں 7 فوجی طیارے تباہ کرنے کی رپورٹ روس نے مسترد کردی

ماسکو 6جنوری ( آئی این ایس انڈیا )روسی وزارت دفاع نے ان رپورٹوں کو مسترد کر دیا جن میں شام میں 7 فوجی طیاروں کے تباہ ہونے کا بتایا گیا تھا۔روسی وزارت دفاع کے بیان کے مطابق 31 دسمبر کو غروبِ آفتاب کے بعد اندھیرا چھاتے ہی مسلح گروپ کی جانب سے حمی میم کے اڈے کو اچانک مارٹر گولوں سے نشانہ بنایا گیاجس کے نتیجے میں اڈے پر موجود روسی اہلکاروں میں سے 2 افراد اپنی جان گنوا بیٹھے۔وزارت نے کومر سینٹ نامی اخبار کی اس معلومات کو جھوٹ قرار دیا جس میں دو عسکری اور سفارتی ذرائع کے حوالے سے بتایا تھا کہ حملے میں عملی طور پر 7 فوجی طیارے تباہ ہوگئے۔روسی روزنامے کومرسینٹ نے مذکورہ ذریعوں کے حوالے سے بتایا کہ 31 دسمبر 2017 کو شامی اپوزیشن گروپوں کی جانب سے حمی میم کے فضائی اڈے پر داغے گئے راکٹوں کے نتیجے میں کم از کم 7 روسی طیارے تباہ ہوئے۔