عبدالقدوس بزنجو بلوچستان کے نئے وزیراعلیٰ منتخب

اسلام آباد 13جنوری(آئی این ایس انڈیا)پاکستان کے جنوب مغربی صوبہ بلوچستان کی اسمبلی نے عبدالقدوس بزنجو کو نیا قائد ایوان منتخب کیا۔ہفتہ کو ہونے والے انتخاب میں پاکستان مسلم لیگ (قائداعظم) سے تعلق رکھنے والے بزنجو کو 41 ووٹ ملے جب کہ ان کے حریف پختونخواہ ملی عوامی پارٹی کے آغا سید لیاقت علی کے حصے میں 13 ووٹ آئے۔اسپیکر بلوچستان اسمبلی راحیلہ درانی نے نتائج کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کل 54 ووٹ ڈالے گئے تھے۔2013ءمیں ہونے والے عام انتخابات کے بعد عبدالقدوس بزنجو صوبے کے تیسرے وزیراعلیٰ ہیں۔گزشتہ ہفتے ہی نواب ثنا اللہ زہری نے اپنے خلاف اراکین اسمبلی کے انحراف اور عدم اعتماد کی تحریک لانے کی کوششوں کے تناظر میں وزارت اعلیٰ کے منصب سے استعفیٰ دے دیا تھا۔اس سے قبل 2015ءمیں مسلم لیگ ن سے شراکت اقتدار کے معاہدے کے تحت ڈھائی سال اقتدار میں رہنے کے بعد نیشنل پارٹی کے ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ اس منصب سے علیحدہ ہو گئے تھے۔عبدالقدوس بزنجو کا تعلق ضلع آواران سے ہے۔