محمد اظہرالدین نے حیدرآبادکرکٹ ایسوسی ایشن پر اپنی ناراضگی کا اظہار کیا

حیدرآباد ،08جنوری (آئی این ایس انڈیا) انڈین کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور سابق کرکٹر محمد اظہر الدین نے حیدرآباد کرکٹ ایسوسی ایشن پر جم کر ناراضگی ظاہر کی ہے۔ اتوار کو ایسوسی ایشن نے انہیں راجیو گاندھی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں ہو رہی خصوصی باڈی میٹنگ میں جانے کی اجازت نہیں دی، جسے لے کر اظہر الدین کافی ناراض ہو گئے۔سابق کپتان نے الزام لگایا ہے کہ انہیں ایک گھنٹے سے بھی زیادہ دیر تک باہر انتظار کرنا پڑا۔حالانکہ بعد میں جب اظہر نے بتایا کہ وہ ٹیم انڈیا کے سابق کپتان ہیں اور وہ ایسوسی ایشن کی نمائندگی بھی کر چکے ہیں تب کہیں جاکر ان کو اندر جانے کی اجازت دی گئی، لیکن جیسے ہی میٹنگ ختم ہوئی سابق کرکٹر نے حیدرآباد کرکٹ ایسوسی ایشن کے برتا¶ کو لے کر عدم اطمینان کا اظہار کیا۔اظہر نے اےچ سی اے ممبرز پر لگے بدعنوانی کے الزامات کے مسئلے کو اٹھاتے ہوئے ایسوسی ایشن کو ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔انہوں نے کہاکہ کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ انہیں میچ کھیلنے کے لئے لاکھوں روپے دینے پڑتے ہیں۔آپ اس طرح کی خواہشات اور پسند کی بنیاد پر کسی تنظیم کو بڑھاوا نہیںدے سکتے۔یہ کسی کا گھر نہیں ہے، یہ ایک آرگنائزیشن ہے جو 1932سے کام کر رہا ہے۔اس کے علاوہ انہوں نے آرگنائزیشن میں اپنی کی رکنیت کو حمایت دینے کے لئے دیگر ارکان سے درخواست کی۔انہوں نے کہا کہ وہ ان کرکٹرز کی مدد کرنا چاہتے ہیں جنہیں بدعنوان افسران کی وجہ سے موقع نہیں مل رہا۔اظہر نے کہاکہ مجھے 1 گھنٹے تک باہر انتظار کرنا پڑا۔یہ بہت شرمناک تھا۔میں حیدرآباد کا ہوں اور میں دس سالوں تک انڈین کرکٹ ٹیم کا کپتان بھی رہا ہوں۔یہ لوگ جو اس آرگنائزیشن کو چلا رہے ہیں کرکٹ کے بارے میں کچھ بھی نہیں جانتے۔انہوں نے اپنی زندگی میں کبھی بیٹ اور گیند پکڑا بھی نہیں ہے۔اگر آپ سبھی میری رکنیت کی حمایت کریں گے تو میں وعدہ کرتا ہوں کہ آپ کے سارے مسائل حل کر دوں گا۔