مستقبل نوجوانوں کا ہے ،ملک کی باگ ڈورسنبھالنے کیلئے خود کو تیار کریں:صدرممنون حسین

اسلام آباد 17جنوری ( آئی این ایس انڈیا ) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ مستقبل نوجوانوں کا ہے اوروہ ملک کی باگ ڈورسنبھالنے کیلئے خود کو تیار کریں۔ صدر مملکت نے یہ بات ایوان صدر میں بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی علمی درسگاہ سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی کے طالبِ علموں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جنھوں نے جامعہ کے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد علی شیخ کی سربراہی میں صدر مملکت سے ملاقا ت کی۔ صدر مملکت نے کہا کہ قومی ترقی کا حصول صرف اسی صورت میں ممکن ہے جب ہم اخلاص کے ساتھ ہر لحظہ علم و تحقیق کی جستجو میں رہیں ۔ انھوں نے کہا کہ جدید دنیا اور نئے سماجی، سیاسی اور معاشی رجحانات کو سمجھنے کے لیے زیادہ سے زیادہ مطالعہ کریں اور اس طرح کی سرگرمیوں سے جو علم بھی آپ حاصل کریں اسے اپنی عملی زندگی کا حصہ بنا ئیں۔ صدر مملکت نے طلبا سے کہا کہ تعلیم کے ساتھ ساتھ کردار سازی پر بھی بھرپور توجہ دیں تاکہ معاشرے میں اخلاص کا عنصر پروان چڑھ سکے۔ انھوں نے بچیوں پر زوردیا کہ اپنے آپ کو علم کے زیور سے ضرورآراستہ کریں اور اس سلسلے میں جو شعبہ بھی اختیار کرنا چاہیں کریں، لیکن اپنی اقدار و روایات کو ہمیشہ مقدم رکھیں۔ صدر مملکت نے مسرت کا اظہار کیا کہ سندھ مدرستہ الاسلام ایک جامعہ کی حیثیت سے علمی سرگرمیوں میں بھر پور حصہ لے رہی ہے۔انھوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری کی صورت میں نئے امکانات جنم لے رہے ہیں۔ ان سے بھر پور فائدہ اٹھانے کے لیے طلبا اپنے آپ کو ابھی سے تیار کریں۔انھوں نے کہا کہ سی پیک کے تحت بہت سے انرجی پروجیکٹ مکمل ہو چکے ہیں اور باقی پروجیکٹ پر تیزی سے کام جاری ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ سی پیک کے روٹ کے حوالے سے بعض لوگ ابہام پھیلا رہے ہیں جو سراسر غلط ہے۔ سی پیک کے روٹ میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔انھوں نے کہا کہ اس منصوبے کی اہمیت کو سمجھتے ہوئے بہت سے ممالک نے اس کے ساتھ منسلک ہونے کی خواہش کا اظہار کیا ہے جو اس بات کا مظہر ہے کہ آئندہ اس سے پاکستان کو کتنا فائدہ ہو سکتا ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل جمہوریت سے وابستہ ہے اس لیے ضروری ہے کہ ہم اپنے معاشرے میں جمہوری رویوں کو فروغ دیں۔ صدر مملکت نے طالب علموں کی صلاحیتوں میں اضافے کے لیے سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی کےنیشنل لیڈر شپ پروگرام کی تعریف کی اور اسے مزید موثر بنانے کی ہدایت کی۔انھوں نے توقع ظاہر کی کہ اس پروگرام کے تحت طلبا کواندرون و بیرون ملک دیگر تعلیمی و سرکاری اداروں کے دورے کرنے کا موقع ملے گا جسے وہ بہت کچھ سیکھ سکیں گے۔ صدر مملکت نے امید کا اظہار کیاکہ سندھ مدرستہ الاسلام بحیثیت جامعہ اپنے معیار میں مزید بہتری لائی گی تاکہ طلباکو معاصر دنیا اور عملی زندگی کے تقاضوں کو بہتر طور پر سمجھنے کا موقع ملے گا۔اس موقع پر وائس چانسلر ڈاکٹر محمد علی شیخ نے صدر مملکت کو اپنے ادارے کی کارکردگی کے بارے میں آگاہ کیا۔