میکسویل باہر، لن اور پین کی آسٹریلیا ٹیم میں واپسی

سڈنی، 03 جنوری (یواین آئی) جارح بلے باز گلین میکسویل کو انگلینڈ کے خلاف 14 جنوری سے شروع ہونے والی پانچ میچوں کی ون ڈے سیریز کے لئے آسٹریلیائی ٹیم سے باہر کر دیا گیا ہے جبکہ تیزگیندباز کرس لن اور وکٹ کیپر بلے باز ٹم پین کی 14 رکنی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے ۔ چیف سلیکٹر ٹریور ھونس کا خیال ہے کہ آسٹریلیا کے لئے اب تک 80 ون ڈے میچ کھیلنے والے میکسویل کو کارکردگی میں تسلسل نہ ہونے کی وجہ سے ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا ہے ۔ ھونس نے کہا، “گلین کی صلاحیت پر کسی کو کوئی شبہ نہیں ہے اور وہ ایک میچ فاتح کھلاڑی ہیں. لیکن حالیہ وقت میں ان کی کارکردگی میں تسلسل نہیں ہے ۔ ون ڈے کے گزشتہ 20 میچوں میں ان کی اوسط تقریباً 22 کی رہی ہے اور ون ڈے میں بلے بازی کو مضبوطی دینے کے لئے ہمیں اس سے اوپر کی اوسط چاہئے ۔ ” میکسویل کے علاوہ وکٹ کیپر میتھیو ویڈ کو بھی ون ڈے سیریز سے باہر کردیا گیا ہے اور اب ان کی جگہ ایشز ٹیسٹ سیریز میں شاندار کارکردگی پیش کرنے والے ٹیم پین کو موقع دیا گیا ہے ۔ آسٹریلیا کے لئے اب تک آٹھ ٹیسٹ اور 26 ون ڈے کھیلنے والے 33 سال کے پین کی تقریباً سات سال بعد ون ڈے ٹیم میں واپسی ہوئی ہے ۔ انہوں نے اپنا پچھلا ون ڈے میچ بنگلہ دیش کے خلاف اپریل 2011 میں کھیلا تھا۔ ٹوئنٹی -20 کے ماہر بلے باز کرس لن کو انگلینڈ کے خلاف پانچ میچوں کی سیریز کے لئے آسٹریلیائی ٹیم میں جگہ دی گئی ہے ۔ ھونس نے کہا، “گلین کے نام پر ہم نے غور کیا تھا لیکن اس سیریز کے لئے طویل عرصہ بعد واپسی کر رہے کرس لن کو ہی موقع دینا ہم نے مناسب سمجھا۔” آسٹریلیا کی 14 رکنی ٹیم اس طرح ہے – اسٹیون اسمتھ (کپتان)، ڈیوڈ وارنر (نائب کپتان)، پیٹرک کمنس، آرون فنچ، جوش ہیزل وڈ، ٹریوس ہیڈ، کرس لن، مشیل مارش، ٹم پین ، جے رچرڈسن، مشیل اسٹارک، مارکس اسٹوینس، اینڈریو ٹائی اور ایڈم جمپا۔