پاکستان میں دہشت گردی کاڈھانچہ برقرار

نئی دہلی 7جنوری(آئی این ا یس انڈیا)وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ پاکستان میں دہشت گردی کا ڈھانچہ برقرار ہے اور پڑوسی ملک جموں وکشمیرکے نوجوانوں کو ہندوستان کے خلاف اکسانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑ رہا ہے۔ ساتھ ہی ساتھ انہوں نے ملک کے سرکردہ پولیس افسروں کو فسادات اور مذہبی مقامات کی بے حرمتی کے معاملہ میں سخت کارروائی کرنے کی بھی ہدایت دی۔ڈی جی پی اورآئی جی کی سالانہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے راجناتھ سنگھ نے کہا کہ پاکستان اور پاک مقبوضہ کشمیر میں ٹریننگ کیمپ ، لانچ پیڈ اور ٹیلی مواصلات اسٹیشن کی شکل میں دہشت گردی کا ڈھانچہ برقرار ہے۔ انہوں نے کہا کہ پڑوسی ملک جموں و کشمیر میں دہشت گردوں کیلئے مالی مدد سمیت سبھی طرح کی مدد دستیاب کرانے میں کسی طرح کی بھی کسر نہیں چھوڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ جموں و کشمیر کے نوجوانوں کو ہندوستان کے خلاف بھڑکایا جارہا ہے۔وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ ملک میں فرقہ وارانہ فسادات میں معمولی اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے سینئر پولیس افسروں کو اس طرح کے واقعات اور مذہبی مقامات کی بے حرمتی کے معاملات میں سختی سے نمٹنے کی بھی ہدایت دی۔