پرامن فلسطینی مظاہرین پر اسرائیلی فوج کا حملہ، 5 افراد زخمی

مقبوضہ بیت المقدس7جنوری ( آئی این ایس انڈیا )فلسطین کے مقبوضہ بیت المقدس میں فلسطینی شہریوں کی جانب سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اعلان القدس کے خلاف نکالی گئی ایک ریلی کے دوران قابض اسرائیلی فوج نے پرامن مظاہرین پر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں کم سے کم پانچ مظاہرین زخمی ہوگئے۔ذرائع کے مطابق ہفتے کے روز سیکڑوں فلسطینیوں نےالقد س میں شاہراہ صلاح الدین پر دفاع القد س ر یلی نکالی۔ مظاہرین نے امریکا اور اسرائیل کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور القدس کے دفا ع کے عزم کا اظہار کیا۔اس موقع پر اسرائیلی پو لیس اور فوج نے پرامن فلسطینی مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ان پر زہریلی آنسوگیس کی شیلنگ، لاٹھی چارج، ربڑ کی گولیوں اور صوتی بموں سے حملہ کیا جس کے نتجے میں پانچ مظاہر ین زخمی ہوگئے۔آنسوگیس کی شیلنگ سے درجنو ں فلسطینی دم گھٹنے سے بھی متاثر ہوئے۔ عینی شا ہد ین نے ’قدس پریس‘ کو بتایا کہ ہفتے کی شام مظا ہرین نے مغرب کی نماز شاہراہ صلاح الدین پر ادا کی۔ اس موقع پر بھی اسرائیلی پولیس نے مظا ہرین پر تشدد کیا اور متعدد مظاہرین کو حراست میں لے لیا گیا۔فلسطینی طبی امدادی ادارے ہلال احمر کے مطابق صوتی بموں اور لاٹھی چارج سے کم سے کم پانچ فلسطینی مظاہرین زخمی ہوئے ہیں۔ مظاہرین 6 دسمبر 2017ءکو جاری کیے گئے امریکی صدر ٹرمپ کے اس اقدام کے خلاف احتجاج کررہے تھے جس میں انہوں نے بیت المقدس کو اسرائیلی ریاست کا دارالحکومت قرار دیا تھا۔ ٹرمپ کے متنازع اعلان القدس کے خلاف فلسطینی شہریوں کا ملک گیر احتجاج دوسرے ماہ میں جاری ہے۔ٹرمپ کے اعلان القدس کے بعد اب تک اسرائیلی فوج کی ریاستی دہشت گرد ی میں 16 فلسطینی شہید، غرب اردن، غزہ اور القدس میں 3500 افراد زخمی ہوچکے ہیں۔