کک مسلسل 150میچ کھیلنے والے دنیا کے دوسرے کھلاڑی

سڈنی، 05 جنوری (یو این آئی) انگلینڈ کے اسٹار اوپننگ بلے باز ایلسٹر کک کی جانب سے منفرد ریکارڈز اپنے نام کرنے کا سلسلہ جاری ہے اور وہ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں مسلسل 150 میچ کھیلنے والے دنیا کے دوسر ے کھلاڑی بن گئے ۔انہوں نے آسٹر یلیا کے خلاف شروع ہونے والے پانچویں اور آخری ٹیسٹ میں شرکت کے ساتھ ہی یہ اعزاز حاصل کیا، یہ کک کا مجموعی طور پر 152واں جبکہ مسلسل 150واں میچ ہے ۔کک نے اب تک 152 میچوں کی 274 اننگز میں 32 شاندار سنچریوں کی مدد سے 11ہزار 995 رنز بنا رکھے ہیں اور ماہرین کا ماننا ہے کہ اگر وہ 200 ٹیسٹ میچ کھیلنے میں کامیاب رہے تو ممکنہ طور پر سچن تندولکر کا ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز کا ریکارڈ توڑ دیں گے ۔ٹیسٹ کرکٹ میں مسلسل سب سے زیادہ میچ کھیلنے کا عالمی اعزاز سابق آسٹریلین کپتان ایلن بارڈر کو حاصل ہے جنہوں نے مسلسل 153 میچ کھیلے ۔