یمنی فوج کی نئے محاذ سے حوثیوں کے گڑھ کی جانب پیش قدمی

صنعائ،۲جنوری(پی ایس آئی)یمن میں سرکاری فوج الجوف میں نئے محاذ کے راستے باغی حوثی ملیشیا کے مرکزی گڑھ صعدہ کی جانب بڑھ ر ہی ہے۔ اس سے قبل یمنی فوج صعدہ صوبے کے مشرقی پڑوس میں واقع گورنری برط العنان کے دیہات آزاد کرانے میں کامیاب ہو گئی۔برط العنان گورنری کے آزاد کرائے جانے سے حوثیو ں کے گڑھ صعدہ کی سمت ایک نیا محاذ کھل جائے گا اور اس پر کنٹرول کی کارروائی آسان ہو جائے گی۔اتوار کے روز یمنی فوج نے عرب اتحاد کی معاونت سے خب الشعف گورنری کے مرکزی علا قے الیتمہ کی تطہیر کا عمل مکمل کر لیا۔الجوف صوبے کے گورنر میجر جنرل امین العکیمی نے باور کرایا کہ عسکری کارروائیوں کا سلسلہ الجوف کی آزادی پر روکا نہیں جائے گا بلکہ اسے دیگر صوبوں تک پھیلایا جائے گا جو ابھی تک حوثیوں کے قبضے میں ہیں۔زمینی طور پر الجوف صوبے کی گورنری المتون کے شمال میں مزویہ کے محاذ پر حوثی ملیشیا کے تین کمانڈر اور ان کے کئی ساتھی مارے گئے۔الجوف صوبے کے مختلف محاذوں پر باغی ملیشیا کو بھاری جانی اور مادی نقصان کا سامنا ہے۔ الجوف میں حوثی ملیشیا کے 59 ارکان کو یمنی فوج نے قیدی بنا لیا۔ ان کے علاوہ 25 باغیوں کی لاشیں ، فوجی گاڑیاں اور بھاری تعداد میں مختلف نوعیت کا اسلحہ اور گولہ بارود بھی قبضے میں لے لیا گیا۔ادھر یمنی مسلح افواج کے میڈیا سینٹر نے پیر کے روز کور نیٹ اور کیوٹیشیا راکٹوں اور بھاری آتشی ہتھیا رو ں کی تصاویر جاری کیں جو یمنی فوج نے صعدہ صو بے میں البقع کے محاذ پر حوثی ملیشیا کی بساط لپیٹ دینے کے بعد واپس اپنے قبضے میں لے لیے۔