ایران نے عراقی کردستان سے متصل گذرگاہیں کھول دیں

تہران 3جنوری ( آئی این ایس انڈیا ) ایران نے عراق کے صوبہ کردستان سے متصل اپنی دو سرحد گذرگاہیں اچانک کھول دیں۔ یہ گذرگاہ چند ماہ قبل اس وقت بند کی گئی تھیں جب کردستان میں آزادی کے ریفرنڈم کا انعقاد کیا گیا تھا۔ایران کی طرف سے یہ اقدام ایک ایسے وقت میں اٹھایا گیا ہے جب گذشتہ ایک ہفتے سے ایران میں حکومت کے خلاف ملک گیر احتجا ج جاری ہے۔عراق کے صوبہ کردستان میں قائم ایرانی قونصل خانے کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران بیران شھر کی تمر جین اور قصر شیرین کی پرویزخان گذرگاہ کو جلد کھول دے گا۔یہ دونوں گذرگاہیں عراقی حکو مت کی باضابطہ درخواست کے بعد بند کی گئی تھیں ۔ دونوں گذرگاہیں منگل کے روز کھول دی گئی ہیں۔ ایران اور کردستان کو ملانے والی یہ گذرگا ہیں دو طرفہ تجارت اور شہریوں کی آمدورفت کے لیے اہم ترین زمینی راستے ہیں۔ گذشتہ ماہ وسط دسمبر میں ایرانی وزارت خارجہ کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ تہران جلد ہی عراق کے ساتھ متصل بند تمام سرحدیں کھول دی جائیں گی۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی کا کہنا تھا کہ کردستان سے متصل حاج عمران اور پرویز خان گذرگاہیں عنقریب کھول دی جائیں گی۔