مدھے پورہ میں وزیراعلیٰ نے کیا 621 کروڑ کے منصوبوں کا آغاز

مدھے پورہ 04 جنوری (تاثیر بیورو) :وزیراعلیٰ نتیش کمار نے ترقیاتی کاموں کے جائزے کیلئے شروع کی گئی سمیکشا یاترا کے تیسرے مرحلے میں آج مدھے پورہ ضلع کے سنگھیشور بلاک کے گوری پور گاﺅں کا دورہ کیا اور سات عزائم سے متعلق منصوبوں اور دیگر ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔ مویشی ہاٹ ، سنگھیشور استھان کے جلسے میں ہی وزیراعلیٰ نے ریموٹ کے ذریعہ 621 کروڑ روپئے کے 1565 منصوبوں کا سنگ بنیاد اور آغاز کیا۔ جس میں 133 کروڑ روپئے کے 658 منصوبوں کا افتتاح اور 688 کروڑ کے 907 منصوبوں کا سنگ بنیاد شامل ہے۔ اس کے بعد مدھے پورہ ضلع انتظامیہ کے ذریعہ تیار ضلع کے اندر ترقیاتی کاموں سے متعلق چار کتابوں کااجرا بھی وزیراعلیٰ نے کیا۔ وزیراعلیٰ نے ای منڈری مدھے پورہ ویب سائٹ بھی لانچ کیا اور سنتھال یقینی روزگار پروگرام کے تحت ملنے والے فائدے کا منظوری لیٹر 24 سنتھالی بہنوں کے درمیان تقسیم کئے۔ اس موقع پر قرض کے طور پر 15 کروڑ 67 لاکھ 50 ہزار روپئے کے ایس بی آئی کاڈمی چیک وزیراعلیٰ نے جیویکا دی دی انچل کماری کو سونپا۔ مقامی رہنماﺅں نے وزیراعلیٰ کو گلدستہ اور ہار پیش کر کے ان کا خیرمقدم کیا۔ بعد میں وزیراعلیٰ نے ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سنگھیشور استھان ایک پاک زمین ہے ، میں اس کو سلام کرتا ہوں۔ مجھے یہاں کئی بار آنے کا موقع ملا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ گاﺅں کی گلی کچی رہنے کے سبب لوگوں کو کافی پریشانی ہوتی تھی اور گرمی کے دنوں میں بھی کئی جگہ پر کیچڑ کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔ اسی کو دیکھتے ہوئے ہم نے پکا گلی اور نالی پروگرام شروع کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ بجلی کے شعبے میں بھی کافی کام ہوا ہے۔ پہلے 700 میگا واٹ کی کھپت پورے بہار میں نہیں ہوتی تھی۔ بجلی فراہمی کا کوئی نظم نہیں تھا۔ 15 اگست 2012 کو یوم آزادی کے موقع پر پٹنہ کے گاندھی میدان میں اپنے بھاشن کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس دن میں نے اعلان کیا تھا کہ اگر بجلی کی حالت میں سدھار نہیں لائیںگے تو ہم 2015 کے انتخاب میں ووٹ مانگنے نہیں جائیںگے۔ آج پورے بہار میں کوئی ایسا گاﺅں نہیں ہے جہاں بجلی نہ پہنچی ہو۔ کچھ ٹولے ضرور بچے ہیں وہاں بھی اپریل تک بجلی پہنچادی جائے گی اور بجلی کے خواہاں ہر خاندان کو اس سال کے آخر تک بجلی مہیا کرانے کا نشانہ مقرر کیا گیاہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا نشانہ انصاف کے ساتھ ترقی کا ہے۔ ساتھ ہی سماجی اصلاح بھی ہے۔ جس کیلئے لگاتار مہم چلائی جارہی ہے۔ پہلے جہاں شراب بندی اور نشہ بندی کیلئے تحریک چلائی گئی تھی وہیں اب جہیز اور کم عمری کی شادی جیسی سماجی برائیوں کے خلاف پورے بہار میں مہم چلائی جارہی ہے۔ کیونکہ ترقی کافائدہ تبھی لوگوں تک پہنچے گا جب ہم سماجی برائیوں کا خاتمہ کرنے میں کامیاب ہوںگے۔ انہوں نے عوام سے وعدہ لیا کہ وہ پچھلے سال کی طرح اس سال بھی 21 جنوری 2018 کو انسانی زنجیر بنائیںگے جو جہیز اور کم عمری کی شادی کے خلاف ہوگا۔ اس میں پچھلی دفعہ سے بھی زیادہ لوگوں کوشریک ہونا ہے۔