پاک سلیکٹرز کو ہندوستان سے سبق لینا چاہئے :بٹ

حیدرآباد، 05 جنوری (یو این آئی) پاکستانی ٹیم سے باہر کئے گئے سابق پاکستانی اوپنر سلمان بٹ کا کہنا ہے کہ سلیکٹرز کو قومی ٹیم کا انتخاب کرتے وقت ہندستانی سلیکٹرز سے سبق لینا چاہئے ۔بٹ نے یہاں پریس کلب طرف سے جمعرات کی شام منعقد ایک پروگرام کے دوران یہ بات کہی۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی سلیکٹرز کے مقابلے ہندستانی سلیکٹر اپنے کھلاڑیوں کو زیادہ موقع دیتے ہیں۔سابق اوپنر بٹ نے کہاکہ قومی سطح پر کرکٹ کھیلنے کے لئے ہندستان اپنے کھلاڑیوں کو زیادہ موقع فراہم کرتا ہے ۔انہوں نے ہندستانی اوپنر روہت شرما کی مثال دیتے ہوئے کہاکہ ایک وقت ان (روہت) کا اوسط 25.30 تھا۔لیکن ہندستانی سلیکٹرز نے انہیں مسلسل موقع دیئے اور وہ اب دنیا کے ایک شاندار بلے باز ہیں۔بٹ کی طرح ہی اپنی قومی ٹیم سے باہر وکٹ کیپر بلے باز کامران اکمل کا خیال ہے کہ پاکستان ہندوستان جیسے درجے کے بلے باز نہیں بنا پایا کیونکہ پاکستان کے گھریلو میچوں میں ہندوستان جیسی پچ نہیں ہے ۔کامران پاکستان کے لئے 53 ٹیسٹ، 157 ون ڈے اور 58 ٹوئنٹی 20 میچ کھیل چکے ہیں۔کامران نے کہاکہ آپ کو ایسے گھریلو پچ تیار کرنے کی ضرورت ہے جہاں بلے باز اپنی اننگز کو سنوار سکتا ہے اور طویل وقت تک وکٹ پر ٹک سکتا ہے ۔ایسا اس لئے ہونا چاہئے تاکہ بلے بازوں کو اس سے اعتماد ملے اور وہ بین الاقوامی کرکٹ کے لئے تیار ہو سکیں ۔