آج کا شماره | اردو | हिन्दी | English
Around the World

میانمار فوج کی کارروائی، باغیوں کے کیمپوں پر قبضہ

5
Written by Taasir Newspaper

کاچین ،۶جنوری(پی ایس آئی)میانمار کی شمالی ریاست کاچین میں فوج نے بھاری ہتھیاروں کی مدد سے کارروائی کرتے ہوئے علیحدگی پسند باغیوں کے کیمپ کو تباہ کر دیا ہے۔مسیحی اکثریت رکھنے والے اس علاقے میں علیحدگی پسند تنظیم اور فوج کے مابین کافی عرصے سے کشیدگی چلی آرہی ہے جس میں مون سون کی بارشوں کے بعد ایک بار پھر شدت آگئی ہے۔ملکی فوج کے ذرائع کے مطابق اسے پچھلے برس نومبر سے اب تک علیحدگی پسند تنظیم ’کاچین انڈیپینڈس آرمی‘ کے بائیس کیمپوں کا کنٹرول حاصل ہو چکا ہے۔میانمار کے فوجی سربراہ کے دفتر سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس ب±ک پر شائع کیے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ فوجی کارروائی میں چند باغیوں کی ہلاکت ہوئی ہے جب کہ بڑی تعداد میں اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔ بیان میں مزیدکہا گیا ہے کہ فوج کی جانب سے چند باغیوں کا پیچھا اب بھی کیا جا رہا ہے۔فوج کا الزام ہے کہ یہ علیحدگی پسند کاچین سے چین کو لکڑی اسمگل کرنے میں بھی ملوث ہیں اور فوجی کارروائیوں میں ان راستوں کو بھی بند کر دیا گیا ہے جن سے اسمگلنگ کی جا رہی تھی۔ دوسری جانب فوج کے اس الزام کی تردید کرتے ہوئے اس تنظیم کا کہنا ہے کہ کاچین میں اتنے درخت ہی نہیں رہے جن کو کاٹ کر اسمگلنگ کی جائے۔ ان کے مطابق حملہ میانمار کی فوج کی جانب سے کیا جاتا ہے جب کہ تنظیم صرف اپنا دفاع کرتی ہے۔یہ امر بھی اہم ہے کہ علیحدگی پسندوں اور میانمار کی فوج کے مابین سترہ سال تک جنگ بندی کے معاہدے پر عمل کیا جاتا رہا تھا تاہم سن 2011 میں اس کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ایک بار علیحدگی پسند تنظیموں نے اپنی کارروائیوں کا آغاز کر دیا تھا جس کے بعد سے اس خطے میں کشیدگی برقرار ہے۔ کاچین میں جاری یہ کشیدگی اب تک سینکڑوں افراد کی ہلاکت اور ایک لاکھ سے زائد افراد کی نقل مکانی کا باعث بن چکی ہے۔

About the author

Taasir Newspaper