بی جے پی کو عوام لوک سبھا الیکشن میں جواب دیں گے: تیجسوی

پٹنہ رانچی، 6جنوری (یو این آئیتاثیر بیورو) بہار اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر تیجسوی پرساد یادو نے آج کہا کہ وزیر اعلی نتیش کمار اور بی جے پی منفی سیاست کررہی ہے جس کا نتیجہ ہے کہ آر جے ڈی کے صدر لالو پرساد یادو جھوٹے معاملے میں جیل میں ہیں لیکن ریاست کے عوام آئندہ لوک سبھا الیکشن میں اس کا جواب دیں گے ۔مسٹر یادو نے یہاں پارٹی کی چار گھنٹے تک چلی اہم میٹنگ کے بعد نامہ نگاروں سے کہا کہ اسمبلی الیکشن میں عوام نے جسے ووٹ دیکر منتخب کیا وہ آج جیل میں ہیں اور جسے نہیں منتخب کیا وہ حکومت چلارہے ہیں۔ ریاست کی عوام وزیر اعلی مسٹر کمار اور بی جے پی کی اس منفی سیاست کو اچھی طرح سمجھ رہی ہے اور وقت آنے پر اس کا بھرپور جواب دینے کے لئے تیار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تبدیل شدہ صورت حال میں پارٹی پوری طرح متحد ہے اور کسی بھی لڑائی کے لئے تیار ہے۔اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ آر جے ڈی صدر کے جیل جانے کے بعد کچھ لوگوں کے پیٹ میں اس بات کو لے کر درد ہورہا ہے کہ آر جے ڈی کا کیا ہوگا لیکن پارٹی پر جب بھی بحران آیا ہے تو کارکنان اور لیڈر پوری طرح متحد ہوکر سامنے آئے ہیں۔کچھ لوگ بھلے ہی مسٹر یادو کے جیل جانے سے کوش ہوں لیکن انہیں زیادہ خوش فہمی میں مبتلا نہیں ہونا چاہئے ۔دوسری طرف رانچی میں سزا سنائے جانے کے بعد لالو کے بڑے بیٹے اور سابق وزیر صحت تےج پرتاپ نے کہا کہ ہمیں کورٹ پر اعتماد ہے۔ عدالت سے ضمانت ضرورملے گی سامراجی طاقتوںسے ہم لڑنے والے نہیں ہیں۔ اس فیصلے کے بعد بھی ہم مضبوطی سے مقابلہ کریں گے اور سامراجی طاقت ہمیں توڑ نہیں سکتی، ہم پوری قوت سے لڑیں گے،جھکیں گے نہیں۔