جس دن آپ طے کرلیںگے ،جہیز کی لعنت ختم ہوجائے گی: نتیش

کھگڑیا 06 جنوری (تاثیر بیورو): وزیراعلیٰ نتیش کمار نے اپنی سمیکشا یاترا کے تیسرے مرحلے میں کھگڑیا ضلع کے گوگری بلاک کے گﺅچھاری کٹہا گاﺅں کا دورہ کیا اور وارڈ نمبر 5 میں 7 عزائم سے متعلق ترقیاتی منصوبوں میں پیش رفت کا جائزہ لیا۔ گاﺅں کے دورے کے بعد انہوں نے ایک پروگرام میں 236کروڑ روپئے کے 294 منصوبوں کا ریموٹ کے توسط سے افتتاح اور سنگ بنیاد رکھا۔ بعد میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس زبردست سرد لہر میں آپ سب کا اتنی کثیر تعداد میں یہاں جمع ہونا لائق تحسین ہے۔ میں اس کیلئے میں آپ سب کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہم لوگ گاندھی، لوہیااورجئے پرکاش کے ماننے والے ہیں۔ ان لوگوں کا ماننا تھا کہ اقتدار کی لامرکزیت سے ہی ترقی ہوسکتی ہے اور ہم لوگ بھی اسی پر عمل کررہے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ خواتین کی اختیار کاری کیلئے ہم لوگوں نے کافی کام کیا ہے۔ پنچایتی راج اداروں ور بلدیاتی اداروں میں 50فیصد ریزرویشن نافذ کیا ہے، لڑکیوں کی تعلیم کیلئے پوشاک منصوبہ، سائیکل منصوبہ نافذ کیا گیا ہے۔ 8 لاکھ سیلف ہیلپ گروپ کی تشکیل کیا گیا ہے جس میں جیویکا کی دیدیاں اپنا کردار نبھارہی ہےں۔ ہمارے بچوں کو پڑھنے کیلئے باہر نہ جانا پڑا اس کیلئے ہر ضلع میں انجینئرنگ کالج، پالیٹکنک انسٹی چیوٹ، مہیلا آئی ٹی آئی کھولے جائیںگے۔ ہر سب ڈویژن میں اے این ایم اور آئی ٹی آئی قائم ہوںگے۔ پانچ میڈیکل کالج بھی کھولے جائیںگے۔ جس میں نرسنگ کالج بھی کھولے جائیںگے۔ بھارت ہی نہیں بھارت کے باہر بھی نرسنگ اسٹاف کی زبردست کمی ہے۔ ہماری خواتین تربیت لے کر بے روزگاری سے نجات پاسکتی ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ آج جن منصوبوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد ہوا ہے،مجھے خوشی ہورہی ہے کہ اس میں وہ سب بھی منصوبے ہیں جس کا ذکر 2009 کی وکاس یاترا کے دوران ہوا تھا۔ انہوںنے کہا کہ ہم نے خواتین کے مطالبے پر شراب بندی نافذ کی اور اب کم عمری شادی اور جہیز کی لعنت کو ختم کرنے کی مہم چھیڑی ہے۔ یہ انتہائی بری چیز ہے اس سے ہمیں نجات حاصل کرنا ہی ہوگا۔ آپ کا کوئی کتنا بھی نزدیکی کیوں نہ ہو اگر وہ جہیز والی شادی کرتا ہے تو آپ اس میں شامل نہ ہوں۔ جس دن آپ لوگ طے کرلیںگے اس دن سے جہیز کی لعنت ختم ہوجائے گی۔ پچھلے سال 21جنوری کو آپ نے نشہ بندی کیلئے انسانی زنجیر بنائی تھی اور اس سال 21 جنوری کو جہیز کے خلاف انسانی زنجیر بنے گی۔ آپ لوگ عہد کریں کہ ایک دوسرے کا ہاتھ پکڑ کر اپنے جذبے کا اظہار کریںگے۔ پروگرام کے آغاز میں وزیراعلیٰ کو پھولوں کا گلدستہ اور شال پیش کر کے ان کا خیر مقدم کیا گیا۔و زیراعلیٰ کو علامتی نشان بھی پیش کیا گیا۔