لالو کو ساڑھے تین سال کی قید،10 لاکھ جرمانہ

رانچی، 6 جنوری (یو این آئی ) غیرمنقسم بہار میں اربوں روپے کے چاراگھپلہ کے ایک معاملے میں آج سی بی آئی کی خصوصی عدالت نے راشٹریہ جنتا دل کے صدر او ربہار کے سابق وزیر اعلی لالوپرساد یادو کو ساڑھے تین سال قید اور دس لاکھ روپے جرمانہ کی سزا سنائی۔خصوصی جج شیو پال سنگھ کی عدالت نے دیو گھر ٹریزری سے غیر قانونی طورپر پیسہ نکالنے کے معاملے میں قصور وار قرار دئے گئے مسٹر یادو سمیت سولہ ملزمین کی سزا پر سماعت مکمل کرنے کے بعد یہاں ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ سے یہ سزائی سنائی۔اس معاملے میں آر جے ڈی صدر کو تعزیرات ہند کی دفعات120B، 420′ 467’471 اور 477بی نیز انسداد بدعنوانی قانون کی دفعہ 13(1)’ 13(2)C D کے تحت ساڑھے تین سال قید کے ساتھ دس لاکھ روپے جرمانہ کی سزا سنائی ۔ جرمانہ کی رقم ادا نہیں کرنے پر انہیں ایک سال مزید جیل کاٹنی ہوگی۔آر جے ڈی صدر کو تعزیرات ہند کی دفعہ دفعات120B، 420′ 467’471 اور 477بی نیز انسداد بدعنوانی قانون کی دفعہ 13(1)’ 13(2)C D کے تحت ساڑھے تین سال قید کے ساتھ پانچ پانچ لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے ۔ دونوں سزائیں ایک ساتھ چلیں گی اس لئے مسٹر یادو کو ساڑھے تین سال ہی قید میں گذارنا ہوگا جب کہ انہیں دس لاکھ روپے جرمانہ ادا کرنا پڑے گا۔خصوصی عدالت نے معاملے کے ایک دیگر ملزم اور سابق ممبر پارلیمنٹ جگدیش شرما کو سات سال قید اور بیس لاکھ روپے جرمانہ کی سزا سنائی۔ جرمانہ نہیں دینے پر انہیں دو سال مزید سزا کاٹنی ہوگی۔ جب کہ سابق ممبر پارلیمنٹ آر کے رانا کو ساڑھے تین سال قید اور دس لاکھ روپے جرمانہ کی سز ا سنائی گئی ہے ۔ جرمانہ ادا نہیں کرنے پر انہیں مزید ایک سال کی سز ا بھگتنی ہوگی۔معاملے کے ملزم اور سابق آئی اے ایس افسر پھول چند سنگھ، مہیش پرساد اور بیک جولیس کو ساڑھے تین تین سال کی سزا سنائی گئی یہ ۔ ساتھ ہی ان تینوں پر پانچ پانچ لاکھ روپے کا جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے ۔ جرمانہ نہیں دینے کی صورت میں انہیں چھ ماہ مزید قید کی سزا کاٹنی ہوگی۔ جب کہ ٹریزری افسر سبیر بھٹاچاریہ کو ساڑھے تین سال قید او ردس لاکھ روپے جرمانہ کی سزا ہوئی ہے ۔ یہ رقم نہیں دینے پر انہیں ایک سال مزید جیل میں گذارنے ہوں گے ۔اس معاملے میں سابق افسر کرشن کمار پرساد کو سات سال کی سزا کے ساتھ بیس لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا ہے ۔ جب کہ ٹرانسپورٹر اور سپلائر ترپوراری موہن پرساد ، سنجے کما راگروال، جیوتی کمار جھار، گوپی ناتھ داس اور سنیل گاندھی کو سات سات سال قید اور دس دس لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کیاگیا ہے ۔اسی طرح سپلائر سنیل کمار سنہا، راجا رام جوشی اور سشیل کار کوساڑھے تین تین سال کی سزا ہوئی اور ان پر پانچ پانچ لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا۔آر جے ڈی صدر لالو یادو کو چارہ گھپلے کے اس معاملے میں تین سال سے زیادہ کی سزا ہونے کی وجہ سے آج انہیں ضمانت نہیں مل سکی۔ مسٹر یاد وکو اب ضمانت کیلئے ہائی کورٹ میں عرضی دائر کرنی ہوگی۔