ہریانہ میں جرائم کے خاتمہ کیلئے ایس ٹی ایف کی تشکیل ہوگی:کھٹر

چنڈی گڑھ 06 جنوری (ایجنسی): ہریانہ میں جرائم کے بڑھتے ہوئے واقعات کے پیش نظر وزیراعلیٰ منوہر لال کھٹر نے اس پر نکیل کسنے کیلئے کئی قدم اٹھائے ہیں۔ ریاست میں موسٹ وانٹیڈ جرائم پیشوں کے خاتمہ کیلئے ریاستی سطح پرایس ٹی ایف کی تشکیل کو منظوری دی ہے۔ حکومت اترپردیش کی طرز پر پہلی بار ایس ٹی ایف بنانے جارہی ہے۔ ڈی جی پی بی ایس سندھو نے اس کی تصدیق کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آئی جی سوربھ سنگھ ایس ٹی ایف کے سربراہ ہوںگے۔ گرو گرام میں اس کا اسٹیٹ ہیڈکوارٹر ہوگا۔ پہلے مرحلے میں اسپیشل انکاﺅنٹر ٹیم کی تشکیل ہوگی۔موسٹ وانٹیڈ جرائم پیشوں کا صفایا کرنے کیلئے 5-6 خصوصی ٹیمیں بنائی جائیںگی۔ ریاست کے 40 سے زیادہ بڑے انعامی جرائم پیشہ ادھر ادھر پناہ لئے ہوئے ہیں۔ پڑوسی ریاستوں میں چھپے موسٹ وانٹیڈ جرائم پیشوں سے نپٹنے کیلئے انکاﺅنٹر اسپیشلسٹ کو اس میں شامل کیا جارہا ہے۔