مہاتمابدھ کے بودھ درشن کو ساری دنیا نے اپنایا:نتیش

بودھ گیا 07 جنوری (تاثیر بیورو): وزیراعلیٰ نتیش کمار اور دلائی لامہ نے آج بودھ گیا کے کال چکر میدان میں مشترکہ طور پر ’سائنس اینڈ فلوسفی ان دی انڈین بدھسٹ کلاسک ولیوم ون دی فیزیکل ورلڈ ‘نامی کتاب کااجرا کیا۔ اس موقع پر دلائی لامہ نے وزیراعلیٰ کو شال پیش کر کے انہیں اپناآشیرواد دیا۔ گیا ایئر پورٹ پہنچنے پر ضلع انتظامیہ نے وزیراعلیٰ کو گارڈ آف آنر دیا۔ رسم اجرا تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ آج اس پروگرام میں شامل ہوکر مجھے بہت خوشی ہورہی ہے۔ انہوںنے کہا کہ دلائی لامہ جی سے جب ہماری ملاقات ہوتی ہے تو ہمیں دلی خوشی ہوتی ہے۔انہوںنے کہا کہ گذشتہ کال چکر پوجا کے دوران دلائی لامہ بودھ گیا آئے تھے اور ایک بارپھرآئے ہیں۔ یہاں تین روز کا جو پروگرام ہے اس میں دلائی لامہ اپنے پیغام سے لوگوں کو حوصلہ بخشیںگے۔ انہوںنے کہا کہ بودھ گیا میں دلائی لامہ آئے ہیں ان کا دلی خیر مقدم ہے۔ مہاتما بدھ کو اسی بودھ گیا میں عرفان حاصل ہواہے۔ اس سے ہم سبھی بہار کے باشندے فخرمحسوس کرتے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ مہاتھ بودھ کے بودھ درشن کو پوری دنیا نے اپنایا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ ہم نے انصاف کے ساتھ ترقی کا اصول اپنایا ہے اور ہم صرف لوگوں کوہی نہیں بلکہ ماحولیات اور جانوروں کو بھی دھیان میں رکھتے ہوئے ترقیاتی کام کررہے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ سماج سدھار کی سمت میں بھی بہار نے قدم بڑھا یا ہے۔ پہلے شراب بندی نافذ کی گئی ، اس کی حمایت میں 21 جنوری 2017 کو بہار میں انسانی زنجیر بنائی گئی تھی۔ جس میں 4 کروڑ لوگوں نے حصہ لیا تھا۔ اس وقت بہار میں دو سماجی برائیوں کے خلاف مہم چلائی جارہی ہے۔ جس میں ایک جہیز اور دوسری کم عمری کی شادی ہے۔ انہوںنے کہا کہ گذشتہ سال کی طرح اس سال بھی 21 جنوری اتوار کے دن پورے بہار میں انسانی زنجیر بنے گی۔ تاکہ لوگوں میں بیداری لائی جاسکے۔