ٹسٹ رینکنگ میںوراٹ اور پجارا پھسلے ، رباڈا نمبر ون

نئی دہلی، 09 جنوری (یو این آئی) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان وراٹ کوہلی جنوبی افریقہ سے پہلے ٹیسٹ میں شکست میں اپنی مایوس کن کارکردگی کے بعد بلے بازوں کی آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں ایک جگہ کھسک کر تیسرے نمبر پر آ گئے ہیں جبکہ مسٹر وال چتیشور پجارا کو بھی نقصان اٹھانا پڑا ہے ۔ ہندستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان سیریز کا پہلا ٹیسٹ کیپ ٹا¶ن میں پیر کو ختم ہوا تھا جس میں ہندستان کو 72 رنز سے شکست ہوئی تھی۔وراٹ نے میچ میں پانچ اور 28 رنز کی اننگز کھیلی تھیں اور اس کے نتیجے میں منگل کو جاری ہوئی رینکنگ میں وراٹ ٹیسٹ بلے بازوں میں اپنے دوسرے مقام سے کھسک کر تیسرے نمبر پر آ گئے ہیں۔ وراٹ کے 880 ریٹنگ پوائنٹس ہیں اور انہیں انگلینڈ کے ٹیسٹ کپتان جو روٹ نے پچھاڑا ہے جو ان کی جگہ دوسرے نمبر پر پہنچ گئے ہیں جبکہ ایشیز فاتح آسٹریلوی ٹیم کے کپتان اسٹیون اسمتھ 947 درجہ بندی پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر برقرار ہیں۔ وہیں ٹیسٹ ماہر ہندستانی بلے باز پجارا کو بھی ایک مقام کا نقصان ہوا ہے اور وہ پانچویں مقام پر کھسک گئے ہیں۔ان کی جگہ کین ولیمسن نے لی ہے جو 855 درجہ بندی پوائنٹس کے ساتھ چوتھے مقام پر پہنچ گئے ہیں۔اس دوران بولنگ رینکنگ میں جنوبی افریقہ کے کیگسو ربادا نمبر ون بن گئے ہیں۔ ہندستان کے خلاف کیپ ٹا¶ن ٹیسٹ میں پانچ وکٹ لینے والے ربادا نے جیمز اینڈرسن کو ان کے ٹاپ مقام سے معزول کرتے ہوئے نمبر ون پوزیشن حاصل کر لی ہے ربادا کو اس کارکردگی کی بدولت پانچ پوائنٹس حاصل ہوئے ہیں اور اب ان کے 888 ریٹنگ پوائنٹس ہو گئے ہیں جو ان کے کیریئر کی بہترین درجہ بندی بھی ہے جبکہ اینڈرسن کو پانچ پوائنٹس کا نقصان ہوا ہے ۔ انہوں نے سڈنی ٹیسٹ میں آسٹریلیا کی اننگز میں 56 رن پر محض ایک وکٹ لیا تھا۔ جنوبی افریقہ کے مین آف دی میچ ورنون فلینڈر کو ہندستان کے نو وکٹ لینے کی بدولت درجہ بندی میں زبردست فائدہ ملا ہے اور وہ 12 ویں سے چھٹے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ ہندوستانی گیند بازوں میں کیپ ٹا¶ن ٹیسٹ سے باہر رہے لیفٹ آرم اسپنر رویندر جڈیجہ اپنے تیسرے اور اس میچ میں دو وکٹ لینے والے آف اسپنر روی چندرن اشون چوتھے نمبر پر قائم ہیں۔محمد سمیع کا 19 واں مقام بنا ہوا ہے جبکہ اس میچ میں شاندار بولنگ کرنے والے بھونیشور کمار آٹھ مقام کی چھلانگ کے ساتھ 600 کی اپنی بہترین درجہ بندی کے ساتھ 22 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ آل را¶نڈر ہردک پانڈیا نے 20 مقام کی چھلانگ لگائی ہے اور وہ اپنی بہترین 75 ویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔پانڈیا نے پہلی اننگز میں 93 رنز کی بدولت بلے بازی میں بھی 24 مقام کی چھلانگ لگائی ہے۔ اور وہ 73 ویں سے 49 ویں مقام پر پہنچ گئے ہیں۔ بلے بازی میں مایوس کن کارکردگی کی وجہ سے بہت سے ہندوستانی بلے بازوں کو نقصان اٹھانا پڑا ہے ۔مرلی وجے 25 ویں سے 30 ویں، شکھر دھون 30 ویں سے 33 ویں، روہت شرما 41 ویں سے 44 ویں اور ردھمان ساہا 50 ویں سے 58 ویں نمبر پر کھسک گئے ہیں۔دوسری اننگز میں 37 رنز کی مفید اننگز کھیلنے والے اشون کا 61 واں مقام بنا ہوا ہے ۔ آل را¶نڈر رینکنگ میں جڈیجہ کا دوسرا اور اشون کا تیسرا مقام قائم ہے ۔