آئر لینڈ سے دو ٹی-20میچ کھیلے گا بھارت

نئی دہلی، 10 جنوری (یواین آئی) ہندوستانی کرکٹ ٹیم اس سال جولائی میں انگلینڈ کے دورے سے پہلے آئر لینڈ کا دورہ کرے گی اور وہاں دو ٹوئنٹی 20 بین الاقوامی میچ کھیلے گی۔ ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ نے بدھ کو ایک بیان میں بتایا کہ ہندوستانی ٹیم جولائی میں انگلینڈ کا دورہ کرنے سے پہلے دو ٹوئنٹی 20 بین الاقوامی میچ کھیلنے آئر لینڈ جائے گی۔ یہ دونوں میچ 27 اور 29 جون کو ڈبلن میں کھیلے جائیں گے ۔ ہندوستان نے آخری بار 2007 میں آئر لینڈ کا دورہ کیا تھا اور پھر اس نے بیلفاسٹ میں ون ڈے میچ کھیلا تھا جسے ٹیم انڈیا نے ڈک ورتھ لوئیس ضابطے کے تحت نو وکٹ سے جیتا تھا۔ ہندوستانی ٹیم ٹوئنٹی 20 میں آئر لینڈ کے خلاف ایک مرتبہ کھیلی تھی اور دونوں ٹیموں کے مابین اس فارمیٹ میں 2009 کے ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ میں ناٹنگھم میں مقابلہ ہوا تھا ۔