صدر ٹرمپ ورلڈ اکانومک فورمیںشرکت کریں گے

واشنگٹن 10جنوری ( آئی این ایس انڈیا ) صدر ڈونالڈ ٹرمپ عالمی صنعتی فورم میں شرکت کریں گے، جو آئندہ ماہ سوئٹزرلینڈ میں اسکیئنگ کے معروف مقام ڈیووس میں منعقد ہوگا۔ایک بیان میں وائٹ ہاو¿س پریس سکریٹری، سارا ہکابی سینڈرز نے کہا ہے کہ اِسے ’امریکہ فرسٹ‘ کے اپنے ایجنڈے کو عالمی سربراہان میں فروغ دینے کا موقع گردانتے ہوئے، صدر ٹرمپ اِس کا خیرمقدم کرتے ہیں۔سینڈرز نے کہا کہ صدر امریکی کاروبار، صنعت اور کارکنان کو بااختیار بنانے کے حوالے سے اپنی پالیسیوں کو فروغ دینے کے خواہاں ہیں۔یہ عالمی سیاست اور کاروباری شخصیات کا سالانہ اجتماع ہے، جو سوٹزرلینڈ میں 23 سے 26 جنوری تک جاری رہے گا۔امریکی صدور شاذ و نادر ہی اس میں شرکت کرتے ہیں۔ پچھلی بار، نائب صدر جو بائیڈن نے اس میں شرکت کی تھی۔سب سے پہلے، ’نیو یارک ٹائمز‘ نے یہ خبر شائع کی تھی کہ ٹرمپ فورم میں شرکت کریں گے۔