مکہ مکرمہ:رہائشی عمارت میں آتش زدگی،5ہلاک

مکہ مکرمہ،ااجنوری(پی ایس آئی)مکہ مکرمہ میں بدھ کے روز شرائع المجاھدین کالونی میں ایک عوامی رہائشی عمارت میں لگنے والی آگ پر قابو پا لیا گیا ہے مگر یہ خوفناک آگ پانچ زندگیوں کے چراغ گل کرنے کا موجب بنی ہے۔مکہ مکرمہ میں شہری دفاع کے ترجمان کیپٹن نائف الشریف نے بتایا کہ ادارے کے ہدایات وکنٹرول سینٹر کو ایک عمارت میں لکڑیوں اور فرنیچر کو آگ لگنے کی اطلاع ملی۔ اس عمارت میں ایک افریقی خاندان آباد تھا۔حکام نے فوری طورپر موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پانے کی کو شش کی۔ آگ پر قابو پا لیا گیا ہے مگر اس حادثے کے نتیجے میں کم سے کم پانچ افراد جاں بحق اور پانچ دم گھٹںے اور جھلسنے سے زخمی ہوئے ہیں۔ تمام زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا ہے جب کہ حکام نے اس واقعے کی تحقیقات بھی شروع کردی ہیں۔