قطر نے مصر کے ساتھ اختلافات ختم کرنے کا عندیہ دیا

دوحہ12جنوری(آئی این ایس انڈیا)خلیجی ریاست قطر نے مصر کے ساتھ جاری اختلافات دور کرنے کا عندیہ دیا اور کہا ہےکہ دوحہ قاہرہ کے ساتھ بات چیت کے لیے تیار ہے۔قطری وزیر خارجہ الشیخ محمد بن عبدالرحمان نے کہا کہ ان کا ملک مصر کے ساتھ اختلافات ختم کرنے کے لیے بات چیت پر تیار ہے۔انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تنازعات کے حل کے لیے بات چیت تعطل کا شکار رہی ہے۔قطری وزیر خارجہ نے ان خیالات کا اظہار ایک ٹی وی چینل کو دیے گئے انٹرویو میں کیا۔ انہوں نے انکشاف کیا سعودی عرب کے موجودہ ولی عہد جب نائب ولی عہد تھے تو انہوں نے قطر اور مصر کے درمیان اختلافات دور کرنے کی کوشش کی تھی۔ تاہم دونوں ملکوں کے درمیان بات چیت کا عمل آگے نہیں بڑھ سکا۔مصر کے ساتھ تعلقات کے بارے سوال پر قطری وزیر خارجہ نے کہا کہ 25 جنوری 2011ءکے انقلاب کے بعد مصر حساس دور سے گذر رہا ہے۔ ایک مرکزی ملک ہونے کی بدولت ہم مصر کا احترام اور قدر کرتے ہیں۔ مصر کا عرب ممالک میں تنازعات کے حل میں کلیدی کردار رہا ہے۔ ہم مصری قوم کے فیصلوں کا احترام کرتے ہیں۔ ایک دوسرے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ قطر مصر کے اندرونی امور میں مداخلت نہیں کرتا۔ایک سوال کے جواب میں قطری وزیرخارجہ نے کہا کہ مصرمیں پہلے منتخب سول صدر محمد مرسی کی برطرفی کے بعد قطر اور مصر کے درمیان اختلافات شدت اختیار کرگئے۔ یہ اختلافات دور کئے جاسکتے ہیں۔الشیخ محمد بن عبدالرحمان آل ثانی نے بتایا کہ مارچ 2016ء کو سعودی عرب میں ہونے والی شمال کی گرج فوجی مشقوں کے دوران مصری صدر عبدالفتاح السیسی اور امیر قطر تمیم بن حمد آل ثانی کیے درمیان سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی موجودگی میں ملاقات ہوئی تھی۔