مائیکل وولف صدر ٹرمپ کا ایک اور معاشقہ سامنے لے آئے

واشنگٹن 21جنوری ( آئی این ایس انڈیا ) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے غیر عورتوں سے ناجائز مراسم اب کوئی سربستہ راز نہیں رہے ہیں اور آئے دن ان کے کسی نا کسی عورت سے مراسم کی چسکے دار اطلاعات سامنے آتی رہتی ہیں۔اب کے ”فائر اور فیوری“ ( آتش اور غیظ) کے مصنف مائیکل وولف نے ایک نیا انکشاف کیا ہے۔مائیکل وولف نے ایک ٹیلی ویڑن پروگرام کے دوران میں صدر ٹرمپ کے ان نئے مراسم کا ذکر کیا ہے لیکن دوسرے فریق یعنی ان کی متاثرہ عورت یا معشوقہ کا نام نہیں لیا ہے کہ وہ کون ” خوش نصیب“ ہے جس کو ”شہ کی مصاحبت“ کا شرف حاصل ہوا ہے جس کے بعد آن لائن ایک نئی بحث اور قیا س آرائیاں شروع ہوگئی ہیں۔مسٹر وولف یہ درفنطنی چھوڑنے کے بعد یہ کہہ کر اپنا دامن بچا لے گئے ہیں کہ صدر ٹرمپ کے کسی اہم عورت سے تعلقات ہیں لیکن ان کے پاس اس کا کوئی ثبوت نہیں ہے لیکن ان کا اشارہ اقوام متحدہ میں امریکی سفیر نکّی ہیلی کی جانب تھا۔انھوں نے اپنی کتاب میں بھی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی مختلف عورتوں کے بارے میں جملے بازیوں کو نقل کیا ہے۔ان میں ان کی ایک خاتون ترجمان ہوپ ہِکس بھی شامل ہے۔ اس کے بارے میں امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ” آپ د±م کا بہترین ٹکڑا ہو“۔وہ اپنی کتاب کے بالکل آخر میں لکھتے ہیں کہ” نکّی ہیلی نے ایفانکا ٹرمپ سے پہلے دوستی استوار کی تھی اور پھر وہ ان کے ذریعے صدر ٹرمپ کے درباریوں اور قریبی مصاحبین میں شامل ہونے میں کامیاب ہوگئی تھیں۔وہ مسٹر ٹرمپ کی توجہ کا مرکز ٹھہری تھیں“۔امریکا کے صحافتی اور سیاسی حلقوں میں بھونچال پیدا کرنے والی اس کتاب کے مصنف نے یہ بھی لکھا ہے کہ صدر ٹرمپ شاید ایک ہی مدت کے لیے برسراقتدار رہیں اور ان کے بعد نکّی ہیلی آیندہ صدارتی انتخابات میں ان کی ممکنہ جانشین ہوسکتی ہیں۔ان کا مزید کہنا ہے کہ امریکی صدر اپنے سرکاری طیارے ائیرفورس ون میں اپنا بہت سا ”پرائیویٹ وقت “ نکّی ہیلی کے ساتھ گزارتے رہے ہیں اور وہ انھیں مستقبل میں سیاسی ذمے داریوں کے لیے تیار کر رہے تھے۔مسٹر وولف نے ایک ” سینیر ٹرمپر“ کا حوالہ دیا ہے جس کے بہ قول ٹرمپ ہیلی کی اس لیے اتالیقی کررہے ہیں کیونکہ یہ عورت ان کے مقابلے میں بہت زیادہ اسمارٹ ہے۔تاہم ویب سائٹ ” دا ریپ ڈاٹ کام “ کے ایڈیٹر ٹم مولوئے نے مائیکل وولف کے ان انکشافات پر تبصرہ کرتے ہوئے اپنے کالم میں لکھا ہے کہ اس نظریے میں بہت سے مسائل ہیں۔انھوں نے اس رائے کا اظہار کیا ہے کہ ریاست جنوبی کیرولینا کی سابق گورنر نکّی ہیلی 2016ءمیں صدارتی انتخابات کے لیے مہم کے دوران میں ڈونلڈ ٹرمپ کی مخالف رہی تھیں اور انھوں نے ری پبلکن پارٹی کی جانب سے صدارتی انتخاب کے لیے امیدوا ر کی نامزدگی کے وقت ان کے حریفوں مارکو روبیو اور پھر ٹیڈ کر وز کی حمایت کی تھی۔مگر ٹرمپ کے انتخاب کے بعد وہ ان کی انتظامیہ میں کام کرنے پر آمادہ ہوگئی تھیں اور انھیں اقوام متحدہ میں امریکا کی سفیر مقرر کیا گیا تھا۔ نکّی ہیلی بھارتی تارک وطن والدین کی اولاد ہیں۔ان کی عمر 46 سال ہے اور انھوں نے ایک روز پہلے ہی اپنی سال گرہ منائی ہے۔یہ کہا جاتا ہے کہ اس خاتون ہی نے امریکی صدر کے پاکستان کے خلاف کان بھرے تھے اور وہ بالعموم پاکستان کے خلاف وہی زبان بولتے ہیں جو پاکستان کے دشمن بولتے ہوئے آئے ہیں ۔