تائی جو نے کیا سائنا کا خواب چکنا چور

جکارتہ، 28 جنوری (یو این آئی) اپنے ٹخنے کی چوٹ پر قابو پانے کے بعد ایک سال بعد کسی بین الاقوامی ٹورنامنٹ کے خطابی مقابلے میں کھیل رہی ہندستانی ا سٹار سائنا نہوال کا خطاب جیتنے کا خواب دنیا کی نمبر ایک کھلاڑی تائی جو ینگ نے اتوار کو چکنا چور کردیا۔ چینی تائی پے کی تائی جو ینگ کے خلاف سائنا کو صرف 27 منٹ میں 9۔21، 13۔21 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔سائنا کی ینگ کے ہاتھوں یہ مسلسل ساتویں شکست ہے ۔تائی پے کی کھلاڑی نے اس جیت سے سائنا کے خلاف اپنا ریکارڈ 9۔5 کر لیا ہے ۔ ینگ اس طرح دنیا کی 12 ویں نمبر ہندستانی کھلاڑی کو گزشتہ دس مقابلوں میں نو بار ہرا چکی ہیں ۔ اولمپک سلور فاتح اور ہم وطن پی وی سندھو کو اس ٹورنامنٹ میں شکست دینے والی سائنا کے پاس ینگ کی سروس، اسمیش اور ڈراپ کا کوئی جواب نہیں تھا۔ہندوستانی کھلاڑی نے کئی بے جا بھولیں بھی کیں جس کا انہیں نقصان اٹھانا پڑا۔ ینگ نے پہلے گیم میں 10۔2 سے مضبوط برتری بنانے کے بعد اس گیم کو آسانی سے 21۔9 پر ختم کر دیا۔اس دوران دونوں کھلاڑیوں کے درمیان ایک پوائنٹس پر 43 شاٹ کی ریلی چلی اور سائنا کے شاٹ باہر مارنے سے یہ ریلی ختم ہوئی۔دوسرے گیم میں بھی ینگ نے 4۔0 سے برتری بنانے کے بعد پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا اور خطاب جیت کر ہی دم لیا۔انہوں نے دوسرا گیم 21۔13 پر ختم کیا۔ ٹورنامنٹ کا مردوں کے سنگلز ٹائٹل انڈونیشیا کے انتھونی گٹگ نے جاپان کے کاجماسا ساکائی کو 33 منٹ میں 21۔13 ،21۔12 سے شکست دے کر جیت لیا۔