اسمتھ کو ایلن بارڈر ایوارڈ

میلبورن، 12 فروری (یو این آئی) ایشز سیریز میں مین آف دی ٹورنامنٹ رہے کپتان اسٹیون اسمتھ کو ٹیسٹ میں سال کا بہترین آسٹریلوی کرکٹر منتخب کیا گیا ہے جس کے لئے انہیں ایلن بارڈر ایوارڈ سے نوازا گیا ہے ۔ ڈونالڈ بریڈمین کے بعد ملک کے دوسرے سب سے بہترین کرکٹر اسمتھ کو کل 246 ووٹ ملے جبکہ دو بار یہ خطاب اپنے نام کرنے والے اوپنر ڈیوڈ وارنر کو 162 اور آف اسپنر ناتھن لیون کو 156 ووٹ پڑے ۔اسمتھ نے اس سے پہلے 2015 میں یہ ایوارڈ اپنے نام کیا تھا۔ 28 سال کے اسمتھ نے گزشتہ ایک سال میں ووٹنگ کے دوران 81.56 کے اوسط سے ٹیسٹ میں 1305 رنز بنائے ۔گزشتہ ایک سال کے دوران اسمتھ کی کپتانی میں آسٹریلیا کو ہندستان میں سیریز میں شکست اور بنگلہ دیش میں ڈرا کا سامنا کرنا پڑا جبکہ کنگاروووں نے اپنے گھر میں انگلینڈ کو ایشز میں 4۔0 سے ہرایا ۔ اسمتھ کو گزشتہ ماہ ہی آئی سی سی کا سال کا بہترین ٹیسٹ کرکٹر منتخب کیا گیا تھا۔ اسمتھ کے علاوہ اوپنر اور نائب کپتان ڈیوڈ وارنر کو ون ڈے کا اور آرون فنچ کو ٹوئنٹی 20 کا سال کا بہترین کرکٹر منتخب کیا گیا۔وارنر ووٹنگ مدت کے دوران ون ڈے میں ٹاپ اسکورر تھے ۔ اس کے علاوہ آل را¶نڈر ایلس پیری کو دوسری بار بہترین خاتون کرکٹر کا ایوارڈ ملا۔