انگلینڈ سے شکست کے باوجود نیوزی لینڈ فائنل میں

ھیملٹن، 18 فروری (یو این آئی) کپتان ایون مورگن کی ناٹ آ¶ٹ 80 رنز کی جارحانہ اننگز سے انگلینڈ نے نیوزی لینڈ کو سہ رخی ٹوئنٹی 20 سیریز کے آخری دلچسپ لیگ میچ میں اتوار کو محض دو رنز سے ہرا دیا لیکن وہ فائنل میں پہنچنے میں کامیاب نہیں ہو پایا ۔انگلینڈ نے 20 اوور میں سات وکٹ پر 194 رن بنائے ۔نیوزی لینڈ نے ہدف کا زوردار پیچھا کیا لیکن کیوی ٹیم چار وکٹ پر 192 رن ہی بنا سکی۔نیوزی لینڈ نے اگرچہ اس دوران اس بات کو یقینی رکھا کہ وہ نیٹ رن ریٹ میں انگلینڈ سے اوپر رہے ۔ نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے چار چار میچوں میں ایک برابر دو دو پوائنٹس رہے لیکن نیوزی لینڈ کی ٹیم بہتر نیٹ رن ریٹ کی بنیاد پر 21 فروری کو آکلینڈ میں ہونے والے فائنل میں پہنچ گئی جہاں اس کا مقابلہ آسٹریلیا سے ہوگا جس نے اپنے چاروں لیگ میچ جیتے ہیں ۔ مین آف دی میچ رہے انگلینڈ کے کپتان مورگن نے صرف 46 گیندوں پر چار چوکے اور چھ چھکے اڑاتے ہوئے ناقابل شکست 80 رنز کی دھماکہ خیز اننگز کھیلی۔مورگن نے ڈیوڈ ملان کے ساتھ تیسرے وکٹ کے لئے 93 رن کی اہم شراکت کی۔ملان نے 36 گیندوں پر دو چوکوں اور پانچ چھکوں کی مدد سے 53 رن بنائے ۔ مورگن نے ایک اینڈ سنبھال کرنچلے آرڈر کے بلے بازوں کے مفید تعاون سے انگلینڈ کو 194 رنز تک پہنچا دیا۔نچلے آرڈر میں ڈیوڈ ولی نے 10 اور لیام ڈاوسن نے 10 رن بنائے ۔نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹرینٹ بولٹ نے 50 رن پر تین وکٹ لئے ۔ نیوزی لینڈ نے ہدف کا تعاقب کرتے پہلے وکٹ کے لئے 6.3 اوور میں 78 رن کی دھماکہ خیز ساجھیداری کی ۔ مارٹن گپٹل نے 47 گیندوں میں تین چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے 62 رنز اور کولن منرو نے محض 21 گیندوں میں تین چوکے اور سات چھکے اڑاتے ہوئے 57 رن بنائے ۔مارک چیپمین نے 30 گیندوں میں دو چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے ناقابل شکست 37 رنز بنائے لیکن نیوزی لینڈ ہدف سے معمولی فرق سے دور رہ گیا۔ نیوزی لینڈ کو آخری اوور میں 11 رن کی ضرورت تھی لیکن نو رن ہی بن پائے ۔ انگلینڈ نے انتہائی دلچسپ انداز میں میچ دو رنز سے جیت لیا۔نیوزی لینڈ کے لئے راحت کی بات یہی رہی کہ اس نے ہارنے کے باوجود فائنل میں جگہ بنا لی۔