ہاکی ورلڈ کپ کے لئے 16 ٹیمیں 4-4 گروپوں میں تقسیم

نئی دہلی، 28 فروری (یواین آئی) بین الاقوامی ہاکی فیڈریشن (ایف آئی ایچ) نے اس سال نومبر-دسمبر میں ہندوستان کی میزبانی میں ہونے والے اڈیشہ مرد ہاکی عالمی کپ کے لئے بدھ کو پول اور میچوں کا اعلان کردیا جس میں میزبان ہندوستان کو عالمی رینکنگ میں تیسرے نمبر کی ٹیم بیلجئیم کے ساتھ پول سی میں رکھا گیا ہے۔ اڈیشہ کے بھونیشور میں 28 نومبر سے 16 دسمبر تک ہونے والے اس ٹورنامنٹ کے لئے 16 ٹیموں کو چار چار گروپوں میں تقسیم کیا ہے۔ پول سی میں عالمی رینکنگ میں چھٹے نمبر کی ٹیم ہندوستان اور تیسرے نمبر کی بیلجئیم کے علاوہ 11 ویں نمبر کی کینیڈا اور 15 ویں نمبر کی جنوبی افریقہ کی ٹیم بھی شامل ہے۔ 19 دنوں تک چلنے والے اس ٹورنامنٹ کے میچ بھونیشور کے کلنگا اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔ ٹورنامنٹ کے لئے ریو اولمپکس کی طلائی تمغہ فاتح اور دنیا کی دوسرے نمبر کی ٹیم ارجنٹینا کو نیوزی لینڈ،ا سپین اور فرانس کے ساتھ پول اے میں جبکہ دفاعی چمپئن اور دنیا کی نمبر ایک ٹیم آسٹریلیا کو انگلینڈ، آئر لینڈ اور چین کے ساتھ پول بی میں رکھا گیا ہے۔ اس کے علاوہ تین مرتبہ کی عالمی چیمپئن ہالینڈ کو دو بار کی چیمپئن جرمنی، ملائیشیا اور پاکستان کے ساتھ پول ڈی میں شامل کیا گیا ہے۔ پول مرحلے کے میچ 28 نومبر سے نو دسمبر تک ہوں گے جس میں ایک دن میں دو میچ کھیلے جائیں گے۔ پول میچ نو دسمبر تک کھیلے جائیں گے جو شام کو پانچ بجے اور سات بجے ہوں گے۔ ہر پول کی چوٹی کی ٹیم کوارٹر فائنل میں پہنچے گی جبکہ ہر پول کی دوسرے اور تیسرے نمبر کی ٹیم کراس میچ 10 اور 11 دسمبر کو کھیلیں گی اور فاتح ٹیم کو کوارٹر فائنل میں جگہ مل جائے گی۔ کوارٹر فائنل 12 اور 13 دسمبر کو کھیلے جائیں گے۔ دونوں سیمی فائنل 15 دسمبر کو ہوں گے۔ تیسرے مقام کا میچ اور فائنل 16 دسمبر کو کھیلا جائے گا۔ ہندوستان کا پہلا مقابلہ 28 نومبر کو جنوبی افریقہ سے ہوگا۔ ہندوستان پھر دو دسمبر کو بیلجیم سے اور آٹھ دسمبر کو کینیڈا سے کھیلے گا۔ اس ٹورنامنٹ کا ٹیلی کاسٹ دنیا کے 100 سے زیادہ ممالک میں کیا جائے گا۔