ہمیں دوسری قوموں کے پرچم کا بھی احترام کرنا چاہیے :آفریدی

لاہور، 13 فروری (یو این آئی)عالمی شہرت یافتہ پاکستانی آل را¶نڈر شاہد آفریدی نے ہندستانی تماشائی کی ان کے جھنڈے کے ساتھ لی گئی تصویر کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کرکٹرز امن کے سفیر ہوتے ہیں اور ہندستانی پرچم کے ساتھ تصویر کا مقصد صرف یہ تھا کہ اس تماشائی کی اچھی تصویر آ سکے ۔ شاہد آفریدی نے ہندستانی پرچم کے ہمراہ تماشائی کے ساتھ لی گئی تصویر کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں دوسری قوموں کے پرچم کا بھی احترام کرنا چاہیے ، یہی وجہ تھی کہ میں ہندستانی تماشائی سے پرچم کو صحیح طریقے سے پکڑنے کا کہا اور میں یہ بھی چاہتا تھا کہ اس کی تصویر اچھی آئے ۔ یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے سوئٹزرلینڈ میں برف پر کھیلے گئے نمائشی میچ کی سیریز کے دوران شاہد آفریدی کی ہندستانی پرچم کے ہمراہ تماشائی کے ساتھ لی گئی تصویر کو ہندستان بھر میں بہت سراہا گیا تھا لیکن وہیں دوسری جانب پاکستان میں چند تنگ نظر کو ان کا انداز نہیں بھایا۔ ہندستان اور پاکستان کے درمیان کرکٹ تعلقات کے سوال پر شاہد آفریدی نے کہا کہ دونوں ملکوں کے کرکٹرز تعلقات میں بہتری کیلئے کرکٹ کھیلتے ہیں۔ ہم امن کے سفیر ہیں اور دنیا بھر میں محبت اور امن پھیلانا چاہتے ہیں۔ ہم سب آپس میں اچھے دوست ہیں اور آئس کرکٹ میں ہمارا بہت اچھا وقت گزرا۔ پاکستانی ٹیم کی دورہ نیوزی لینڈ میں کارکردگی پر تبصرہ کرتے ہوئے سابق کپتان نے دورے کیلئے تیاری نہ کرنے کو ٹیم کی ون ڈے کرکٹ میں ناکامی کی وجہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ دورہ نیوزی لینڈ کیلئے ہم نے محض ایک دن کیمپ میں ٹریننگ کی، آخر ہم نیوزی لینڈ جا رہے تھے یا دبئی۔جب بھی ہم مشکل دوروں پر جاتے ہیں تو ہمیں زیادہ سے زیادہ پریکٹس کرنی چاہیے کیونکہ میچ جیتنے کیلئے پریکٹس، فٹنس اور صلاحیت ہی معنی رکھتی ہے ۔