آئی ایس ایل کے فٹبال مقابلہ میںبنگلور اور پنے میں ہو گا زبردست مقابلہ

بنگلور، 15 فروری (یو این آئی) بنگلور ایف سی نے پہلے ہی ہیرو انڈین سپر لیگ (آئی ایس ایل ) کے چوتھے سیزن کے پلے آف میں جگہ بنا لی ہے ۔ایسا اس نے مسلسل پانچ میچ جیتتے ہوئے کیا ہے اور یہ ریکارڈ یقینی طور پر اس کو اپنے جیت کے سلسلے کو جاری رکھنے کے لئے حوصلہ افزائی کرے گا۔بنگلور جمعہ کو اپنے اگلے میچ میں ایف سی پنے سٹی کے خلاف اپنے گھر شری کانت¸ راوا اسٹیڈیم میں آمنے سامنے ہوں گی ۔ پنے کی ٹیم بھی اس وقت شاندار فارم میں ہے ۔اس نے گزشتہ پانچ میچوں میں سے چار میں کامیابی حاصل کی ہے ۔وہ پوائنٹس ٹیبل میں دوسرے نمبر پر ہے ۔وہ بنگلور سے پانچ پوائنٹس پیچھے ہے ۔دونوں ٹیموں نے یکساں میچ کھیلے ہیں۔اس میچ میں جارحانہ فٹ بال بھی دیکھنے کو ملے گی۔دونوں ٹیموں نے مجموعی طور پر 57 گول کئے ہیں۔لیکن بنگلور کا دبدبہ اتنا ہے کہ ہار کے بعد بھی بنگلور پہلے مقام سے ہاتھ نہیں دھوئے گی۔ پنے کے مارسیلنھو نے اس سیزن میں اب تک آٹھ گول کئے ہیں۔اس میچ میں وہ نو گول کرنے والے بنگلور کے کپتان سنیل چھیتری کو پیچھے چھوڑنا چاہتے ہیں۔میچ سے پہلے پنے کے اسسٹنٹ کوچ ولاڈکا گرجک نے کہاکہ کل ہمارے لئے موقع ہے ، پہلے نمبر کی طرف قدم بڑھانے کا۔ہم جانتے ہیں کہ ہم کر سکتے ہیں۔ساتھ ہی ہم ٹاپ 4 میں اپنی پوزیشن کو مضبوط بھی کر سکتے ہیں۔ گرجک نے کہاکہ میں نہیں جانتا کہ بنگلور نے آخری بار میچ کب ہارا تھا۔اس وقت وہ اپنے اعتماد کے ساتھ بہت آگے ہیں۔یہ بھی ضروری ہے کہ ہم اس بات کو یاد رکھیں کہ ان کے خلاف ہوئے گزشتہ میچ میں ہم اس وقت تک بہتر ٹیم تھے جب تک ہم 10 کھلاڑیوں کی ٹیم نہیں رہ گئے تھے ۔ بنگلور نے دونوں ٹیموں کے درمیان گزشتہ میچ میں پنے کو 3۔1 سے شکست دی تھی اور اس بار بھی وہ یہی کرنا چاہے گی۔ٹیم کے کوچ البرٹ روکا نے کہاکہ ہمارے لئے سب سے اہم یہ ہے کہ ہم وہاں ہوں اور اپنی لے کو برقرار رکھیں اور اس بات کو ثابت کریں کہ ہم آگے بڑھ رہے ہیں اور بہتر ہیں۔جب آپ جانتے ہیں کہ آپ وہاں ہیں تو یہ ذہنی طور پر آسان نہیں ہوتا لیکن یہ وہ وقت ہوتا ہے جب دوسری ٹیمیں آپ کا پیچھا کرنا چاہتی ہیں۔