موسم نے گیند بازوں کی پریشانی بڑھائی :وراٹ

سینچورین، 22 فروری (یو این آئی) جنوبی افریقہ کے ہاتھوں دوسرے ٹوئنٹی 20 بین الاقوامی میچ میں شکست کے بعد ہندستانی کپتان وراٹ کوہلی نے اس کے لئے موسم کو کسی حد تک ذمہ دار ٹھہرا دیا۔ ہندستان نے چار وکٹ پر 188 رن کا مضبوط اسکور بنایا لیکن جنوبی افریقہ نے 18.4 اوور میں چار وکٹ پر 189 رن بنا کر جیت حاصل کر لی۔جنوبی افریقہ کی اننگز کے دوران برابر ہلکی بونداباند¸ ہوتی رہی۔ میچ کے بعد وراٹ نے کہاکہ گیند بازوں کے لئے کنڈیشنز کافی مشکل رہیں۔ابتدائی وکٹ گنوانے کے بعد ہم 175 کا اسکور دیکھ رہے تھے ۔منیش اور رینا نے اچھی بلے بازی کی۔ان کے بعد منیش اور دھونی نے ہمیں 190 تک پہنچایا۔مجھے لگا تھا کہ یہ جیت کا اسکور ہوگا لیکن موسم نے ہمارے گیند بازوں کے سامنے مشکلیں پیدا کر دیں۔
وراٹ نے کہاکہ 12 ویں اوور تک سب کچھ ٹھیک چل رہا تھا لیکن اس کے بعد بارش نے ہمارا کام خراب کر دیا۔گیند بازوں کو فلو کرنے میں کافی پریشانی ہوئی جس سے ہماری بولنگ متاثر ہوئی۔ ہندوستانی گیند بازوں میں سب سے زیادہ متاثر ہوئے لیگ اسپنر یجویندر چہل جو اپنی گیندوں پر قابو نہیں رکھ سکے اور چار اوور میں 64 رن لٹا بیٹھے ۔چہل کے اننگز کے 13 ویں اوور میں تین چھکوں اور ایک چوکے سمیت 23 رن پڑے جس نے میچ کا رخ جنوبی افریقہ کی جانب موڑ دیا۔ وراٹ نے اس جیت کے لئے جنوبی افریقہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ جنوبی افریقہ نے خطرے اٹھائے اور اپنے شاٹ کھیلے اور وہ مکمل طور پر جیت کے مستحق تھے ۔ کنڈیشنز کے بارے میں وراٹ نے کہاکہ ہمیں کنڈیشنز سے کوئی پریشانی نہیں تھی۔مسلسل بونداباند¸ ہو رہی تھی لیکن کنڈیشنز کھیلنے کے لئے ٹھیک تھیں۔جنوبی افریقہ نے جدوجہد کا جذبہ دکھایا اور وہ جیت کے مکمل طور مستحق تھے ۔