ٹیلر کی سنچری سے نیوزی لینڈ نے انگلینڈ کو دی شکست

ہیملٹن، 25 فروری (یو این آئی) تجربہ کار بلے باز راس ٹیلر (113) کی بہترین سنچری سے نیوزی لینڈ نے انگلینڈ کو پہلے ون ڈے میں اتوار کو تین وکٹ سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز میں 1۔0 کی برتری حاصل کرلی۔ انگلینڈ نے ٹاس ہارنے کے بعد پہلے کھیلتے ہوئے 50 اوور میں آٹھ وکٹ پر 284 رن کا مضبوط اسکور بنایا۔لیکن نیوزی لینڈ نے ٹیلر کی 19 ویں سنچری کی بدولت 49.2 اوورز میں سات وکٹ پر 287 رن بنا کر جیت اپنے نام کر لی۔مین آف دی میچ ٹیلر نے 116 گیندوں پر 113 رنز کی میچ فاتح اننگز میں 12 چوکے لگائے ۔ ٹیلر نے نیوزی لینڈ کے تین وکٹ محض 27 رن پر گر جانے کے بعد ٹام لاتھم (79) کے ساتھ چوتھے وکٹ کے لئے 178 رن کی میچ فاتح ساجھے داری کی۔لاتھم نے 84 گیندوں کی اننگز میں چھ چوکے لگائے ۔ٹیلر 113 رنز بنانے کے بعد ساتویں بلے باز کے طور پر 244 کے اسکور پر آ¶ٹ ہوئے ۔ آٹھویں نمبر کے بلے باز مشیل سیٹنر نے محض 27 گیندوں پر دو چوکے اور چار چھکے اڑاتے ہوئے ناقابل شکست 45 رنز بنائے اور نیوزی لینڈ کو چار گیند باقی رہتے جیت کی منزل پر پہنچا دیا۔انگلینڈ کی طرف سے کرس ووکس اور بین اسٹوکس نے دو دو وکٹ لئے ۔ اس سے پہلے انگلینڈ کی اننگز میں جو روٹ نے 75 گیندوں پر پانچ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 71، جوس بٹلر نے 65 گیندوں میں پانچ چوکے اور پانچ چھکے اڑاتے ہوئے 79 اور جیسن رائے نے 66 گیندوں میں 49 رنز کی اننگز کھیلی۔نیوزی لینڈ کے لئے ٹرینٹ بولٹ، سیٹنر اور ایش سوڈھی نے دو دو وکٹ لئے ۔