لیجنڈ رنر بولٹ اب فٹبال کلب سے منسلک

نئی دہلی، 27 فروری (یو این آئی) زمین کے سب سے تیز مرد رنر اور آٹھ بار کے اولمپک طلائی تمغہ یافتہ جمیکا کے یوسین بولٹ بطور فٹبالر ایک کلب سے جڑ گئے ہیں۔31 سال کے بولٹ نے سوشل میڈیا پر اپنے 10 سیکنڈ کے ایک ویڈیو میں اس کی اطلاع دی۔ حالانکہ انہوں نے صرف اتنا ہی بتایا کہ وہ ایک فٹ بال کلب سے جڑ گئے ہیں اور کلب کے نام کا انکشاف منگل کی رات کو کرنے والے ہیں۔ بولٹ مانچسٹر یونائیٹڈ فٹ بال کلب کے بہت بڑے پرستار ہیں ۔انہوں نے ایک بار ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ ایتھلیٹکس سے ریٹائرمنٹ لینے کے بعد وہ فٹ بال میں اپنا کریئر بنانے کی سوچ رہے ہیں۔انہوں نے کہا تھا کہ ان کا خواب ہے کہ وہ مانچسٹر یونائیٹڈ کی ٹیم کی جانب سے کھیلیں ۔ گزشتہ سال اگست میں لندن میں ہوئی عالمی ایتھلیٹکس چمپئن شپ میں بولٹ آخر¸ بار ریس میں اترے تھے جہاں انہوں نے 100 میٹر ریس میں تیسرے مقام پر رہ کر کانسی کا تمغہ جیتا تھا۔ڈوپنگ کو لے کر جہاں دنیا کے کئی بڑے کھلاڑی تنازعات میں پھنسے تو وہیں بولٹ نے اپنے کیریئر میں اپنی شبیہ بھی بے داغ رکھی اور ہمیشہ کھیلوں میں شفافیت اور ایمانداری کی حمایت کی۔ بولٹ نے گزشتہ تین اولمپک کھیلوں میں ‘اسپرنٹ ڈبل’ مکمل کیا تھا اور اگر سال 2011 ڈایگو میں وہ 100 میٹر فائنل ریس کے لیے نااہل قرار نہیں دیے گئے ہوتے تو رنر نے آخری چار عالمی چمپئن شپ میں طلائی کا ریکارڈ بھی اپنے نام کر لیا ہوتا۔