فیڈرر لارکس ایوارڈس کے سب سے کامیاب کھلاڑی

موناکو، 28 فروری (یواین آئی) دنیا کے نمبر ایک ٹینس کھلاڑی سوئزرلینڈ کے راجر فیڈرر کو بدھ کو پرنس البرٹ اور پرنسیس چارلکن کی موجودگی میں پانچواں اور چھٹا لارکس ورلڈ اسپورٹس ایوارڈ سے نوازا گیا۔اسٹار ٹینس کھلاڑی فیڈرر نے لارکس ایوارڈس کی تاریخ میں سب سے زیادہ چھ مرتبہ ایوارڈ جیتے ہیں۔ یہ ایوارڈ حاصل کرنے کے بعد فیڈرر نے کہا، “میرے لئے یہ بے حد خاص لمحہ ہے۔ شائقین کو پتہ ہے کہ میں اپنے لارکس ایوارڈس کو کتنی اہمیت دیتا ہوں۔ اس لئے ایک اور ایوارڈ جیتنا شاندار تجربہ ہے لیکن ایک ساتھ دو جیتنا ایک الگ ہی اعزاز کی بات ہے۔ میرے لئے یہ ناقابل یقین ہے۔ میں خوش ہوں اور لارکس اکیڈمی کو اس کی حمایت کے لئے شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔ ” آسٹریلین اوپن چیمپئن فیڈرر نے کہا، “یہ سال میرے لئے ناقابل فراموش تھا۔ 2016 کے بعد واپسی کرنا بہت مشکل تھا، اور یہ ایوارڈ واپسی کی میری کوشش کو یادگار بناتے ہیں۔ جب میں نے 2005 میں اپنا پہلا لارکس ایوراڈ جیتا تھا تب آپ اگر مجھ سے کہتے کہ میں چھ لارکس ایوارڈ جیت لوں گا تو میں آپ پر یقین نہیں کرتا۔ یہ ایک حیرت انگیز سفر رہا ہے۔ ” لارکس ورلڈ اسپوٹرس اکیڈمی کی طرف سے دیا جانے والا یہ سالانہ کھیل ایوارڈ ہے۔کھیل کی عظیم ہستیاں اس کے لئے ووٹنگ کرتی ہیں اور یہ ایوارڈ ایک کیلنڈر سال کی کامیابیوں کے لئے دیے جاتے ہیں۔
اس سال یہ 2017 میں کھلاڑیوں کی کامیابی کے لئے دیا گیا۔ اس سال ہالی ووڈ سپر اسٹار بینیڈکٹ کمبربیچ نے اس پروگرام کی میزبانی کی اور مشہور گلوکارہ اور نغمہ نگار ایملی سینڈے نے اس پروگرام کے دوران پرفارم کیا۔ اسپورٹسمین آف دی ایئر کٹیگری میں فیڈرر کو اسپینش ٹینس اسٹار رافیل نڈال اور پرتگالی فٹ بال اسٹارکرسٹیانو رونالڈو سے سخت مقابلہ ملا۔ آسٹریلین اوپن اور ومبلڈن جیتنے والے فیڈرر کو گھٹنے کی شدید چوٹ سے ابھر کر غیر معمولی کامیابی حاصل کرنے کے لئے کم بیک آف دی ایئر کا ایوارڈ بھی دیا گیا۔ امریکہ کی عظیم ٹینس کھلاڑیہ سرینا ولیمز کو اسپورٹس وومن آف دی ایئر ایوارڈ سے نوازا گیا۔ یہ ایوارڈ انہیں آسٹریلین اوپن کے طور پر اپنا 23 واں گرینڈسلیم خطاب جیتنے کے لئے دیا گیا۔ سرینا نے 2017 میں ہی اپنے پہلے بچے کو جنم دیا ہے۔ وہ پانچ ایوارڈ کے ساتھ لارکس ایوارڈز کی تاریخ کی سب سے زیادہ کامیاب خاتون کھلاڑی بن گئی ہیں۔