کھیل

ہاکی میں ہندستان کی آئر لینڈ سے شرمناک شکست

Written by Taasir Newspaper

ایپوہ، 09 مارچ (یو این آئی) ہندوستان کو 27 ویں سلطان ازلان شاہ کپ ہاکی ٹورنامنٹ کے فائنل کی اپنی امید برقرار رکھنے کیلئے آئر لینڈ کے خلاف ایک بڑی جیت کی ضرورت تھی لیکن ہندستان نے جمعہ کو نصف وقت کی اپنی برتری کو گنوایا اور آئر لینڈ کے ہاتھوں اسے 2۔3 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ہندستان نے اپنے گزشتہ میچ میں میزبان ملیشیا کو 5۔1 سے شکست دے کر امیدیں برقرار رکھی تھیں لیکن آئرلینڈ نے اس مقابلے میں شاندار واپسی کرتے ہوئے ہندستان کی توقعات کو توڑ دیا۔ ہندستان کی پانچ میچوں میں یہ تیسری شکست رہی۔وہ چار پوائنٹس کے ساتھ اب چھ ٹیموں میں پانچویں نمبر پر ہے ۔گزشتہ ٹورنامنٹ میں تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی ہندستانی ٹیم کا اب پانچویں مقام کے لیے آئر لینڈ سے ہی مقابلہ ہوگا۔آئرلینڈ نے اپنے گزشتہ چار میچ گنوائے تھے ۔لیکن اس نے ٹورنامنٹ میں اپنی واحد جیت درج کرلی۔ہندستان نے ٹورنامنٹ میں اولمپک چمپئن ارجنٹائن سے 2۔3 سے ، عالمی چمپئن آسٹریلیا سے 2۔4 سے اور اب آئر لینڈ سے 2۔3 سے شکست کھائی ہے ۔ اس کا گزشتہ چمپئن انگلینڈ کے خلاف مقابلہ 1۔1 سے ڈرا رہا تھا۔ ہندستان کو واحد جیت ملیشیا سے ملی جسے اس نے بدھ کو 5۔1 سے شکست دی۔ ملیشیا پر بڑی فتح کے بعد لگ رہا تھا کہ ہندستانی ٹیم اپنی تال میں واپس آئی ہے اور آئر لینڈ کے خلاف اس نے 26 ویں منٹ تک 2۔1 کی برتری بھی بنا لی تھی۔ رمندیپ سنگھ نے 10 ویں منٹ میں پنالٹی کارنر پر گول کر کے ہندستان کو آگے کر دیا۔آئر لینڈ نے 24 ویں منٹ میں میدانی گول سے برابری حاصل کی۔آئر لینڈ کے لئے یہ گول شین او ڈونوگ نے کیا۔ہندستان نے جوابی حملہ کرتے ہوئے پنالٹی کارنر حاصل کیا اور اس بار امت روھداس نے پنالٹی کارنر پر کوشش کی۔روھداس کامیاب رہے اور ہندستان 2۔1 سے آگے ہو گیا۔ہندستان کو اپنی برتری مضبوط کرنے کی ضرورت تھی لیکن تیسرے کوارٹر میں آئر لینڈ نے شاندار واپسی کرلی۔میچ کے 36 ویں منٹ میں سین مرے نے میدانی گول کر کے اسکور 2۔2 سے برابر کر دیا۔
ہندستان ابھی اس جھٹکے سے سنبھل بھی نہیں پایا تھا کہ آئرلینڈ نے 42 ویں منٹ میں پنالٹی کارنر پر گول کر کے برتری حاصل کر لی۔آئر لینڈ کے لئے یہ گول لی کول نے کیا۔ہندستان نے ایک گول سے پچھڑنے کے بعد واپسی کی بھرپور کوشش کی لیکن اس کے کھلاڑی ناکام رہے ۔ ہندستان کو شکست کا سامنا کرنا پڑا اور اب سردار سنگھ کی کپتانی والی ہندوستانی ٹیم پانچویں، چھٹے نمبر کے لئے آئر لینڈ سے ہی نبرد آزما ہو گی۔ اس سے پہلے عالمی چمپئن آسٹریلیا نے اپنا فتوحات جاری رکھتے ہوئے آخری لیگ میچ میں اولمپک چمپئن ارجنٹائن کو 3۔1 سے شکست دے کر مسلسل پانچویں جیت درج کی۔فائنل کی دوسری ٹیم کا فیصلہ ملیشیا اور انگلینڈ کے درمیان ہونے والے آخری لیگ میچ کے بعد ہوگا۔

About the author

Taasir Newspaper