آسٹریلیا نے ہندستانی خواتین کرکٹ ٹیم کو کیا کلین سویپ

بڑودہ ، 18 مارچ (یو این آئی) وکٹ کیپر ایلسا ھیل¸ (133) کے کیریئر کی پہلی سنچری کی بدولت آسٹریلیا نے ہندستانی خاتون کرکٹ ٹیم کو اتوار کو 97 رنز سے ہرا کر تین میچوں کی سیریز میں 3۔0 سے کلین سویپ کر لی۔آسٹریلیا نے تیسرے اور آخری میچ میں 50 اوور میں سات وکٹ پر 332 رن کا بڑا اسکور بنایا جس کے جواب میں ہندستانی ٹیم 44.4 اوور میں 235 رن پر لڑھک گئی۔ہندستانی ٹیم اس میچ میں آسٹریلیا کے سامنے کوئی چیلنج پیش نہیں کر سکی ۔ہندستانی اننگز میں صرف سمرتی مدھانا (52) ہی نصف سنچری بنا سکیں۔انہوں نے 42 گیندوں میں 10 چوکے لگائے ۔جیمما روڈرگیز نے 41 گیندوں میں سات چوکوں کی مدد سے 42 رنز، کپتان متالی راج نے 38 گیندوں میں 21 رن، ٹوئنٹی 20 ٹیم کی کپتان ھرمن پریت کور نے 26 گیندوں میں 25 رن،دیپتی شرما نے 49 گیندوں میں 36 رن اور وکٹ کیپر سشما ورما نے 35 گیندوں میں 30 رن بنائے ۔ ہندستانی ٹیم ایک وقت 22 ویں اوور میں دو وکٹ پر 147 رن بنا کر خوشگوار پوزیشن میں تھی لیکن اس کے بعد اس کے وکٹ مسلسل گرتے چلے گئے ۔ ہندستان نے اپنے آخری سات وکٹ 56 رن جوڑ کر گنوا دیے ۔ایشلے گارڈنر نے آٹھ اوور میں 40 رن پر تین وکٹ، میگھن شٹ نے 54 رن پر دو وکٹ اور ایلس پیری نے 40 رن پر دو وکٹ لئے ۔پلیئر آف دی میچ رہیں ایلسا نے 115 گیندوں میں 17 چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 133 رنز کی بہترین اننگز کھیلی۔ایلسا کی 58 ون ڈے میچوں میں یہ پہلی سنچری تھی۔ایلسا کو ایلس پیری نے 32، ریچل ہائنس نے 43، بیتھ مون¸ نے ناٹ آ¶ٹ 34 اور ایشلے گارڈنر نے 35 رنز بنا کر اچھا تعاون دیا۔ ہندوستانی گیند بازوں میں ھرمن پریت 5.3 اوور میں 51 رن پر دو وکٹ لے کر سب سے کامیاب رہیں ۔
شکھا پانڈے ، دیپتی شرما، ایکتا بشٹ اور پونم یادو کو ایک ایک وکٹ ملا۔ ہندوستانی کپتان متالی نے کل آٹھ بولروں کا استعمال کیا۔یہ سریز ہار جانے کے بعد اب ہندستانی خاتون ٹیم انگلینڈ اور آسٹریلیا کے ساتھ 22 مارچ سے ممبئی میں سہ رخی ٹوئنٹی 20 سریز کھیلے گی۔ ہندستان کا پہلا میچ آسٹریلیا سے 22 مارچ کو، دوسرا میچ انگلینڈ سے 25 مارچ کو، تیسرا میچ آسٹریلیا سے 26 مارچ کو اورچوتھا میچ انگلینڈ سے 29 مارچ کو ہوگا۔فائنل 31 مارچ کو کھیلا جائے گا۔