بیوی نے سمیع پر لگایابے وفائی کا الزام

نئی دہلی، 06 مارچ (یواین آئی) ہندوستانی تیزگیندباز محمد سمیع کے سلسلے میں کافی حیرت انگیز معاملہ سامنے آیا ہے جس میں ان کی اہلیہ حسین جہاں نے کرکٹر پر ایذا رسانی اور شادی کے بعد بھی غیر خواتین کے ساتھ تعلق رکھنے کا الزام لگایاہے ۔ سمیع ہمیشہ ہی اپنی بیوی اور بچی کے ساتھ سوشل میڈیا پر تصاویرشیئر کرتے رہتے ہیں اور کئی مرتبہ تو انہیں بیوی کے ساتھ تصاویر کے سلسلے میں کچھ لوگوں کی تنقید کا شکار بھی ہونا پڑا ہے ۔ لیکن سمیع پر اس طرح کے الزامات کافی حیران کرنے والے ہیں۔ ہندوستانی ٹیم میں اپنی جگہ یقینی کر چکے سمیع پر ان کی بیوی نے بہت سی غیر خواتین کے ساتھ تعلقات رکھنے اور انہیں ہراساں کرنے کا الزام لگایا ہے ۔ ہندوستانی کھلاڑی کی بیوی حسین جہاں نے مبینہ طور پر پر وھاٹس ایپ اور فیس بک میسنجر پر سمیع کی مختلف عورتوں کے ساتھ بات چیت کی اسکرین شاٹ کو بھی شیئر کیا ۔ اس کے علاوہ سمیع کی بیوی نے بہت سی خواتین کے فون نمبر اور تصاویر کو بھی اپنے فیس بک اکاونٹ سے شیئر کیا ۔وہیں حسین جہاں نے سمیع اور ان کے خاندان پر ان کے قتل کی دھمکی جیسے سنگین الزامات بھی لگائے ہیں۔ حسین جہاں نے اپنے پوسٹ میں کہا کہ ” سمیع کے خاندان میں تمام لوگ مجھے ہراساں کرتے ہیں اور سمیع کی ماں اور ان کے بھائی نے میرے ساتھ بدسلوکی کی ہے ۔ ان لوگوں نے تو مجھے مارنے تک کی کوشش کی ہے ۔ ” حسین جہاں نے کہا کہ انہوں نے سمیع کو سدھرنے کے لئے کافی وقت دیا۔ انہوں نے کہاکہ “میں نے سمیع کو اپنی غلطیاں سدھارنے کے لیے کافی وقت دیا لیکن وہ غلطیاں سدھارنے کی بجائے اپنا غصہ مجھ پر ظاہر کرتے ہیں اور ہمیشہ دھمکی دیتے ہیں ۔ سمیع کی بیوی نے اب اس معاملے میں قانونی لڑائی لڑنے کا فیصلہ بھی کیا ہے ۔ سمیع اور حسین جہاں کی ایک بیٹی بھی ہے ۔انہوں نے کہا “میں نے اپنے خاندان اور بچی کے لئے خود کو سنبھالنے کی کوشش کی ہے لیکن بہت سی عورتوں کے ساتھ سمیع کے فحش پیغامات اور تصاویر دیکھ کر میں اب اکتا گئی ہوں اور میں نے اب اس سلسلے میں قانونی لڑائی لڑنے کا فیصلہ کیا ہے .” سمیع فی الحال دیودھر ٹرافی میں ہندوستان اے کی جانب سے کھیل رہے ہیں۔ انہوں نے ہندوستان کے 30 ٹسٹوں، سات ٹوئنٹی 20 اور 50 ون ڈے میں نمائندگی کی ہے ۔