خاتون ہاکی ٹیم نے جنوبی کوریا کو دی شکست

انچیون، 06 مارچ (یو این آئی) ہندستانی خاتون ہاکی ٹیم نے منگل کو یہاں جنچن نیشنل اتھلیٹک سینٹر میں میزبان جنوبی کوریا کو 3۔2 سے شکست دے کر کوریا دورے پر اپنی مسلسل دوسری جیت درج کی۔ پانچ میچوں کی سیریز میں یہ ہندستانی خواتین کی دوسری جیت ہے جس میں پونم رانی نے چھٹے ، کپتان رانی نے 27 ویں، گرجیت کور نے 32 ویں منٹ میں گول کئے ۔میزبان ٹیم کے لیے یرم لی نے 10 ویں اور جنگین سیو نے 31 ویں منٹ میں گول کئے ۔پیر کو اپنے پہلے میچ میں جیت کے بعد اعتماد سے لبریز ہندوستانی ٹیم نے پہلے کوارٹر میں جارحیت کے ساتھ مظاہرہ کیا اور پونم نے چھٹے منٹ میں مہمان ٹیم کو 1۔0 سے برتری دلا دی۔جنوبی کوریا کو پہلے کوارٹر میں دو پنالٹی کارنر ملے جس سے انہوں نے ایک کو کامیاب کرتے ہوئے میچ میں واپسی کرلی۔یورم نے 10 ویں منٹ میں گول کرکے اسکور 1۔1 سے برابر کر دیا۔ میزبان ٹیم نے پہلے کوارٹر کے آخری منٹ میں جارحیت دکھائی لیکن ہندوستانی ٹیم نے اچھا دفاع کیا اور دوسرا پنالٹی کارنر بچایا۔جنوبی کوریا نے دوسرے ہاف میں ایک کے بعد ایک پنالٹی کارنر حاصل کئے لیکن نوجوان گول کیپر سواتی نے کئی بہترین دفاع کئے ۔ اس کے بعد رانی نے 27 ویں منٹ میں ٹیم کو برتری دلا کر اسکور 2۔1 کر دیا۔ہاف ٹائم تک ہندستان پھر ایک گول کے فرق سے برتری پر رہا۔حالانکہ میزبان ٹیم نے آخر¸ دو کوارٹر میں واپسی کے لیے کافی کوشش کیں ۔ وہیں تیسرے کوارٹر میں ہندستان کی کارکردگی اچھی نہیں رہی اور 31 ویں منٹ میں سیو نے میدانی گول سے اسکور 2۔2 پہنچا دیا۔اس کے ایک منٹ بعد ہی 32 ویں منٹ میں گرجیت کور نے پنالٹی کارنر پر اسکور 3۔2 کر کے ٹیم کو برتری دلا دی اور میچ کے بعد باقی 25 منٹ میں اس برتری کو برقرار رکھا۔ ہندستانی ٹیم اب پانچ میچوں کی سیریز میں 2۔0 سے آگے چل رہی ہے اور آٹھ مارچ کو تیسرے میچ میں جنوبی کوریا کے خلاف کھیلنے اترے گی۔