فیڈرر کا خواب چکنا چور ،پہلی بار چمپئن بنے پوترو

انڈین ویلز، 19 مارچ (یو این آئی) ارجنٹائن کے ڈیل پوترو نے دلچسپ فائنل مقابلے میں تین میچ پوائنٹس بچاتے ہوئے یہاں عالمی نمبر ایک کھلاڑی اور گزشتہ چمپئن راجر فیڈرر کا خواب چکنا چور کرتے ہوئے کیریئر میں پہلی بار انڈین ویلز ٹینس ٹورنامنٹ کا خطاب اپنے نام کر لیا ہے ۔پوترو نے خطابی مقابلے میں سوئٹزرلینڈ کے راجر فیڈرر کو ان کی سال 2018 کی پہلی شکست بھی دی جس کے ساتھ ہی ان کی سیزن میں مسلسل 17 میچ جیتنے کا سلسلہ بھی ٹوٹ گیا۔ وہیں ارجنٹائن کے کھلاڑی کی یہ ماسٹرز 1000 میں پہلی جیت ہے ۔ پوترو کی نو سال پہلے امریکی اوپن کے خطاب کے بعد سے یہ کیریئر کی پہلی بڑی جیت ہے ۔انہوں نے گزشتہ چمپئن فیڈرر کو تین سیٹ کے سخت مقابلے میں 6۔4 ،6۔7 ،7۔6 سے شکست دی جس سے 36 سالہ کھلاڑی کا ریکارڈ چھٹی بار انڈین ویلز میں ٹائٹل جیتنے کا خواب بھی ٹوٹ گیا۔گزشتہ چمپئن فیڈرر نے اس سال آسٹریلین اوپن کے طور پر 20 واں گرینڈ سلیم جیتا تھا۔لیکن وہ 29 سالہ پوترو کے خلاف اپنے خطاب کا دفاع نہیں کر سکے ۔سال 2009 میں یو ایس اوپن جیتنے کے بعد پوترو کو ٹینس کا بڑا کھلاڑی سمجھا جا رہا تھا لیکن وہ کلائی کی چوٹ میں مبتلا رہے اور ان کا کریئر متاثر ہو گیا۔ نو سال بعد بڑی جیت کو لے کر پوترو نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں کانپ رہا ہوں اور بہت گھبرا رہا ہوں۔میں الفاظ میں اپنی خوشی کو بیان ہی نہیں کر سکتا۔فائنل کے ساتھ ہی اس سال پوترو کی یہ مسلسل 11 ویں جیت بھی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میں اس خطاب کے لئے بہت محنت کر رہا تھا۔میں نے مسائل اور سرجری سے نکلتے ہوئے یہ کامیابی حاصل کی ہے ۔میں یقین نہیں کر سکتا کہ میں نے راجر کو شکست دے کر ماسٹرز 1000 جیت لیا ہے ۔یہ بہت اچھا احساس ہے ۔فیڈرر کے خلاف اگرچہ ارجنٹائن کھلاڑی کا مقابلہ آسان نہیں تھا کیونکہ اس سے پہلے کل 24 مقابلوں میں پوترو نے سوئس کھلاڑی کے خلاف صرف چھ ہی جیتے ہیں۔دلچسپ فائنل میں بھی دونوں کھلاڑیوں نے تین گھنٹے تک جدوجہد کی اور درمیان میں کچھ مسائل کو لے کر چیئر امپائر سے ملاقات بھی کی۔
ایکاپلکو میں خطاب جیت کر کیلی فورنیا پہنچے پوترو نے پہلا سیٹ جیت کر برتری لی لیکن دوسرے سیٹ کے ٹائی بریک میں ان کا فورہینڈ چوک گیا جس پر فیڈرر نے واپسی کر لی۔
تیسرے سیٹ میں فیڈرر نے کراس کورٹ ونر لگاتے ہوئے پوترو کی سروس بریک کی اور 5۔4 کی برتری بنائی۔اس سے پوترو کی مسلسل 32 سروس گیم کو جیتنے کے تال بھی ٹوٹ گئی۔سوئس کھلاڑی نے پھر سروس کی لیکن پوترو نے تین میچ پوائنٹ بچا لیے اور پھر سیٹ ٹائی بریک میں چلا گیا جس میں پوترو کی جیت ہوئی اور اسی کے ساتھ انہوں نے پہلی بار انڈین ویلز خطاب پر قبضہ کر لیا۔