نیوزی لینڈ -انگلینڈ ٹسٹ: تیسرے دن صرف 17گیندیں ہی پھینکی جاسکیں

آکلینڈ، 24 مارچ (یو این آئی) نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے مابین پہلے دن ۔ رات کرکٹ میچ کے تیسرے دن سنیچر کو تیز بارش کے سبب صرف 17 گیندیں ہی پھینکی جاسکیں اور باقی کھیل پر پانی پھر گیا۔ میچ میں بارش کی وجہ سے دوسرے دن کا کھیل بھی وقت سے پہلے ختم کرنے کا اعلان کرنا پڑا تھا اور اس وقت نیوزی لینڈ نے چار وکٹ کے نقصان پر 229 رن بنالئے تھے اور اسے 171 رن کی برتری حاصل تھی۔ تیسرے دن نیوزی لینڈ کا اسکور چار وکٹ پر 233 رن ہی پہنچا سکا اور نیوزی لینڈ کی برتری 175 رن تک پہنچ گئی ہے ۔ ہینری نکولس نے 49 رن اور بی جے واٹلنگ نے 17 رن سے اپنی اننگز کو آگے بڑھایا۔ نکولس نے محض 10 منٹ کے کھیل کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنی چھٹی نصف سنچری مکمل کی۔ نکولس نے جیمس اینڈرسن کی گیند پر دو رن لیکر اپنی نصف سنچری پوری کی۔ بارش کے سبب دن کا کھیل ختم ہونے کے وقت نکولس 52 اور واٹلنگ 18 رن پر ناٹ آ¶ٹ تھے ۔ افسران نے کئی بار میچ شروع کرانے کی کوشش کی لیکن بارش نے بار بار برس آکر میچ کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔ میچ کے باقی دو دن بھی بارش کی پیشن گوئی کی گئی ہے ۔ انگلینڈ کی ٹیم پہلی اننگز میں محض 58 رن پر لڑھک گئی تھی۔