راجیہ سبھا انتخاب:سبھی امیدوار بلامقابلہ منتخب

پٹنہ احمد آباد ، بھوپال ،15مارچ (تاثیر بیورو ایجنسیاں)بہار ،گجرات اورمدھیہ پردیش کے سبھی امیدوار راجیہ سبھاکےلئے بلامقابلہ منتخب ہوگئے۔بہار سے راجیہ سبھا کے لئے مرکزی وزیر روی شنکر پرساد سمیت 6 امیدوار بلامقابلہ منتخب ہوگئے ۔الیکشن افسر اور اسمبلی کے سکریٹری رام شریشٹھ رائے نے نام واپس لینے کی مقررہ مدت ختم ہونے کے بعد مرکزی وزیر قانون روی شنکر پرساد ،جنتادل یوکے ریاستی صدر وششٹھ نارائن سنگھ ،صنعت کار مہیندر سنگھ عرف کنگ مہیندر ،راشٹریہ جنتادل کے قومی ترجمان منوج جھا ، کٹیہار میڈیکل کالج کے مینیجنگ ڈائریکٹر اشفاق کریم اور کانگریس لیڈر اور سابق مرکزی وزیر اکھلیش پرساد سنگھ کے بلا مقابلہ منتخب ہونے کا اعلان کیا۔ادھرگجرات میں زراعت کے مرکزی وزیر مملکت پروشوتم روپالا اور سڑک ٹرانسپورٹ ،شاہراہوں ،جہاز رانی ،کیمیکل اور فرٹیلائزر کے وزیر مملکت مانڈویا کو آج ایک بار پھر راجیہ سبھا کے لئے بلامقابلہ منتخب کرلیا گیا۔انکے ساتھ ہی کانگریس کے دو امیدواروں ریلوے کے سابق وزیر مملکت نارائن راٹھوا اور خاتون وکیل امی بین یاگنک کو بھی بلا مقابلہ منتخب کرلیاگیاہے ۔انتخابی افسر اے بی کرووا نے بتایا کہ گجرات کی دواپریل کو خالی ہونے والی راجیہ سبھا کی چار سیٹوں کے لئے کل آٹھ پرچے داخل کئے گئے تھے جن میں سے ایک کو 13مارچ کو جانچ کے دوران ردکردیاگیاتھا۔باقی بچے سات میں سے تین بی جے پی کے تیسرے امیدوار اور گجرات کے سابق وزیر کریٹ رانا، کانگریس کی حمایت یافتہ آزادامیدوار پی کے والیرا اور مسٹرروپالا کے لئے ڈمی رہے رجنی پٹیل نے آج نام واپس لینے کے آخری دن اپنے پرچے واپس لے لئے ۔اس طرح کل چار سیٹوں کے لئے اتنے ہی امیدوار ہونے پر سبھی بلا مقابلہ منتخب ہوگئے ۔ واضح رہے کہ یہ سبھی چاروں سیٹیں پہلے بی جے پی کے پاس تھیں لیکن گزشتہ دسمبرمیں ہوئے اسمبلی انتخابات میں سیٹوں کی تعداد کم ہوجانے سے بی جے پی نے اس بار صرف دوہی امیدواروں کو میدان میں اتارا۔پچھلی بار کے دودیگرامیدواروں میں سے ایک مرکزی وزیر خزانہ ارون جیٹلی نے اترپردیش سے پرچہ داخل کیا ہے جبکہ شنکر ویگڑ کو اس بار امیدوار ہی نہیں بنایاگیا۔کانگریس کو اسمبلی میں سیٹیں بڑھنے سے دوسیٹوں کا فائدہ ہواہے ۔مدھیہ پردیش سے راجیہ سبھا کی پانچ سیٹوں کے لئے آج سبھی امیدوار بلامقابلہ منتخب ہوگئے جن میں مرکزی وزرا تھاورچند گہلوت اور دھرمیندر پردھان اور تین دیگرامیدوار اجے پرتاپ سنگھ ،کیلاش سونی ااور کانگریس کے راج منی پٹیل شامل ہیں ۔الیکشن کی کارروائی کے تحت آج سہ پہر تین بجے تک امیدواروں کے لئے نام واپس لینے کا وقت مقررتھا۔ایک بھی امیدوار نے نام واپس نہیں لیا اور پانچ سیٹوں کے لئے اتنے ہی امیدوار ہونے کی وجہ سے پانچوں کو بلامقابلہ قراردیاگیا۔راجیہ سبھا کے ارکان مسٹر تھاور چندگہلوت ،ستیہ ورت چودھری ،ایل گنیشن ،پرکاش جاوڈیکر اور میگھ راج جین کی مدت کار 2اپریل ،2018کو ختم ہورہی ہے ۔ان میں مسٹر چترویدی کانگریس سے رکن پارلیمنٹ ہیں ،باقی سبھی بی جے پی سے منتخب ہوئے ہیں ۔اس وجہ سے پانچ سیٹوں کے لئے راجیہ انتخابات کرائے گئے ۔