ٹیم انڈیا میں ملے موقع کا فائدہ اٹھانا ضروری:کارتک

کولمبو، 19 مارچ (یو این آئی) ندھاس ٹراف¸ کے خطابی مقابلے میں بنگلہ دیش کے خلاف آخری گیند پر چھکا لگا کر ناقابل یقین جیت دلانے والے ہندستانی وکٹ کیپر بلے باز دنیش کارتک نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیم انڈیا میں کھیلنے کا موقع ملنا ہی بہت مشکل ہے لیکن جب یہ ہاتھ آئے تو اس کا پورا فائدہ اٹھانا چاہیے ۔کارتک نے بنگلہ دیش کے خلاف اتوار کو کولمبو میں ہوئے فائنل میچ میں آٹھ گیندوں پر ناٹ آوٹ 29 رن بنائے جس میں دو چوکے اور تین چھکے شامل ہیں۔انہوں نے ٹیم کو جیت کے لیے ضروری ایک گیند پر پانچ رنز کے لئے اپنی آخری گیند پر چھکا لگاتے ہوئے ہندستان کو اہم مقابلے میں جیت دلائی اور مین آف دی میچ منتخب کئے گئے ۔ میچ کے بعد ہندستانی کھلاڑی نے کہا کہ میں اپنی اس کارکردگی سے بہت خوش ہوں۔میں اپنی ٹیم کے لیے بھی بہت خوش ہوں۔ہم نے پورے ٹورنامنٹ میں بہت اچھی کارکردگی کی اور اگر فائنل نہیں جیت پاتے تو یہ بدقسمتی ہوتی۔ کارتک کافی وقت بعد قومی ٹیم میں واپسی کر رہے ہیں اور اپنے مقام کو یقینی بنانے کو لے کر بھی جدوجہد کر رہے ہیں۔میچ کے موقع پر بھی انہوں نے کہا تھا کہ اگر وہ اچھی کارکردگی نہیں کر پاتے ہیں تو ٹیم میں ان کی جگہ نہیں مل پائے گی۔لیکن بنگلہ دیش کے خلاف ایک وقت ہاتھ سے نکلتے دکھائی دے رہے میچ میں اپنی طوفانی اننگز سے انہوں نے ٹیم کو دلچسپ خطابی جیت دلا دی۔ وکٹ کیپر بلے باز نے کہا کہ میچ میں اس وقت بلے بازی کرنا آسان نہیں تھا۔مستفیض الرحمن جس طرح بولنگ کرتے ہیں وہ کافی مشکل تھا۔مجھے صرف وہاں جاکر گیند کو ہٹ کرنا تھا۔اگرچہ میں کافی وقت سے بڑے شاٹس کی مشق کر رہا ہوں اور خوش قسمت ہوں کہ گیند کو لائن کے پار اس میچ میں بھیج سکا۔میری محنت کام آئی۔کارتک نے ساتھ ہی کہا کہ ہندستانی ٹیم میں جگہ بنا پانا بہت مشکل کام ہے لیکن جب بھی آپ کو موقع ملتا ہے اس کا فائدہ اٹھانا چاہیے ۔میں اس فتح کے لیے اور اس کارکردگی کے لئے اسپورٹ اسٹاف کا بھی شکریہ کروں گا جنہوں نے میری مدد کی۔