گواسکر نے ”ناگن ڈانس“کر منایا جیت کا جشن

کولمبو، 19 مارچ (یو این آئی) سری لنکا کی زمین پر منعقد ندھاس ٹرافی کو جس بات کے لیے سب سے زیادہ یاد کیا جائے گا اس میں دنیش کارتک کے آخری گیند پر چھکے کے علاوہ ‘ناگن ڈانس ‘ ہے ، اور سابق کرکٹر اور کمنٹیٹر سنیل گواسکر نے بھی ہندستان کی جیت کا جشن اسی انداز میں منایا۔ بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم نے سری لنکا کو آخری میچ میں شکست دے کر جب فائنل میں داخلہ کیا تھا تو اپنی جیت کا جشن ناگن ڈانس کر کے ہی منایا تھا۔اگرچہ ٹیم کو میدان پر اپنے اس رویے کے لیے کافی تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا لیکن جب خطابی مقابلے میں ہندستان نے بنگلہ دیش کو آخری گیند پر سانس روک دینے والے دلچسپ میچ میں چار وکٹوں سے شکست دے دی تو اگرچہ ٹیم انڈیا نے اسے عام جیت کی طرح لیا لیکن کمنٹری باکس میں بیٹھے گواسکر اپنے جذبات کا کھل کر اظہار کرنے سے نہیں چوکے ۔ ہندستان جب بنگلہ دیشی ٹیم کے ہدف کا تعاقب کر رہا تھا تو 10 ویں اوور میں روہت شرما کی با¶نڈری سے پریشان مخالف ٹیم کے گیند بازوں کو دیکھ کر کمنٹری باکس میں بیٹھے گواسکر سیٹ سے اٹھ کھڑے ہوئے اور ناگن ڈانس کرنے لگے ۔آسمانی رنگ کی قمیض پہنے گواسکر نے ناگن کی طرح ہاتھ اوپر اٹھا کر مشہور ناگن ڈانس کے ایکشن کو دہرایا تو باکس میں بیٹھے باقی کمنٹیٹر بھی ہنسنے لگے ۔ سابق ہندوستانی کپتان نے اگرچہ کافی مضحکہ خیز انداز میں ہی یہ ناگن ڈانس کیا لیکن میچ جیتتے ہوئے ہار بیٹھی بنگلہ دیشی ٹیم کے شائقین کو یہ پسند نہیں آیا اور سوشل نیٹ ورکنگ ویب سائٹ پر ان کی کافی تنقید بھی ہوئی۔اگرچہ ہندستان کے ساتھ لنکا شائقین نے اس کا جم کر لطف ضرور اٹھایا جنہوں نے ہندوستانی ٹیم کی حمایت کی اور اسٹیڈیم میں ناگن ڈانس کر بنگلہ دیشی ٹیم کی کافی تنقید بھی کی۔