کرکٹ کو دوبارہ اولمپکس کا حصہ بنا لیا جائے گا:رچرڈسن

0
98

کولکتہ، 27 اپریل (یو این آئی ) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے امید ظاہر کی ہے کہ 2028 کے لاس اینجلس اولمپکس گیمز میں کرکٹ کو دوبارہ اولمپکس کا حصہ بنا لیا جائے گا۔ آخری مرتبہ 1900 میں منعقدہ پیرس اولمپکس گیمز میں کرکٹ کے مقابلے ہوئے تھے اور اس کے بعد اولمپکس گیمز میں کرکٹ نہیں کھیلا جاتا لیکن ورلڈ گورننگ باڈی اب دوبارہ اس کھیل کو گیمز میں شامل کرنے کے لیے کوشاں ہے ۔آئی سی سی چیف ایگزیکٹو ڈیو رچرڈسن نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ کرکٹ کو دوبارہ اولمپکس گیمز میں شامل کرنا ہماری دیرینہ خواہش بن گئی ہے ، 2024 میں پیرس میں شیڈول گیمز کے سلسلے میں نئے کھیلوں کی شمولیت کی ڈیڈلائن گزر گئی ہے لیکن اب ہم نے 2028 گیمز میں کرکٹ کی شمولیت کو ہدف بنا لیا ہے اور مقصد کے حصول کے لیے ہر ممکن اقدامات کریں گے ۔ کولکتہ میں آئی سی سی بورڈ کے 5 روزہ اجلاس کے دوران ورلڈ گورننگ باڈی کی جانب سے انتہائی اہم پیشرفت سامنے آئی جس کے تحت آئی سی سی سی نے اپنے تمام ممبر ممالک کو ٹی ٹوئنٹی درجہ دے دیا ہے اور اب تمام ممبر ملکوں کی ٹیمیں انٹرنیشنل ٹی20 میچ کھیلنے کی اہل ہوں گی جبکہ اس کے علاوہ اس فارمیٹ کی گلوبل رینکنگ متعارف کرانے کی بھی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے ۔ آئی سی سی کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق بین الاقوامی سطح پر کرکٹ کو فروغ دینے کے لیے یہ فیصلہ کیا گیا تاکہ تمام ٹیمیں پائیدار اور موثر انداز سے کرکٹ کھیل سکیں۔اس سلسلے میں رواں برس یکم جولائی سے تمام ممبر ممالک کی خاتون ٹیموں کو ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنے کی اجازت مل جائے گی جبکہ یکم جنوری 2019 سے تمام ممبر ممالک کی مرد ٹیمیں بھی مختصر فارمیٹ میں انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنے کی اہل ہو جائیں گی۔