آج تک اتنی بری حکومت کبھی نہیں دیکھی: کانگریس سے معطل منی شنکر

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 29-Apr-2018

پٹنہ: کانگریس کے معطل لیڈر اور سابق مرکزی وزیر منی شنکر ایئر ہفتہ کی شام ادے پور پہنچے۔ پرائیویٹ ہوٹل میں نامہ نگاروں سے مخاطب ہوتے ہوئے ایئر نے ملک وبیرون ملک کی سیاست پر بات کی اور مودی حکومت کی پالیسیوں پر جم کر تنقید کی۔

ایئر نے کہاکہ گجرات الیکشن کے دوران ان کے ذریعہ وزیراعظم کو لے کر ذاتی طور پر بولے گئے “نیچ” لفظ کو توڑ مروڑ کر ذات سے جوڑا گیا، ایسے میں کانگریس کے ذریعہ انہیں معطل کیا گیا، جس کی سزا وہ آج بھی بھگت رہے ہیں۔

ایئر نے کہاکہ 4 سال کے برے دن تو بھگت لئے ہیں۔ 2019 میں ہونے والے الیکشن میں وزیراعظم مودی کی شکست ہوگی۔ ان کو ہارنا بھی چاہئے کیونکہ آج تک اتنی بری حکومت کبھی نہیں دیکھی۔ اس دوران ایئر نے راجستھان میں ہونے والے اسمبلی انتخابات پر کہا کہ وسندھرا راجے تو اب تاریخ میں ہی نہیں ہیں۔

نامہ نگاروں کے ذریعہ کسی دوسری پارٹی میں جانے کے سوال پر ایئرنے کہا کہ کوئی سوال ہی نہیں ہے کہ وہ کسی دوسری پارٹی میں جائے۔ ایر نے کہاکہ یا تو وہ کانگریس میں رہیں یا پھر نہیں۔ ایک بابا کا حوالہ دیتے ہوئے ایر نے بی جے پی کے ذریعہ آفر دینے کی بات بتاتے ہوئے کہا کہ بی جے پی جیسی گندی پارٹی میں وہ قطعی نہیں جائیں گے۔

دوسری طرف ہندوستان اور پاکستان کے درمیان چل رہے تناو پرمنی شنکر ایئر نے اسے سانپ سیڑھی کا گیم بتایا۔ انہوں نے کہا کہ جب شمالی کوریا اور جنوبی کوریا، ٹرمپ اور کم جونگ کے بیچ بات ہوسکتی ہے تو یہاں کیوں نہیں ہوسکتی۔ ایئر نے اس دوران دونوں ملک کو بیٹھ کر مسلسل بات کرکے ٹھوس حل نکالنے کی نصیحت دی۔