بنگلور اور پنجاب میں ہوگی رائل جنگ

بنگلور، 12 اپریل (یو این آئی ) ہندستانی کپتان وراٹ کوہلی کی ٹیم رائل چیلنجرز بنگلور اور ہندستان کی محدود اوورز کی ٹیم سے طویل وقت سے باہر چل رہے آف اسپنر روی چندرن اشون کی ٹیم کنگز الیون پنجاب کے درمیان جمعہ کو یہاں آئی پی ایل 11 میچ میں رائل جنگ ہوگی۔بنگلور نے کولکتہ میں اپنا پہلا میچ کولکاتا نائٹ رائڈرس کے خلاف چار وکٹ سے گنوا دیا تھا جبکہ پنجاب کی ٹیم نے اپنے گھریلو موہالی میدان میں دہلی ڈئیر ڈیولس کو آسانی سے چھ وکٹ سے شکست دی تھی۔بنگلور اور پنجاب کے مقابلے میں وراٹ کے سامنے اشون کے لئے خود کو ثابت کرنے کا چیلنج ہوگا کہ وہ اب بھی چھوٹے فارمیٹ کے لیے بالکل فٹ ہیں۔ اشون کو گزشتہ سال سری لنکا کے دورے میں محدود اوورز کی ٹیم سے باہر کیا گیا تھا جس کے بعد وہ اب تک ہندستان کی ون ڈے اور ٹوئنٹی 20 ٹیموں میں واپسی نہیں کر پائے ہیں۔اشون آٹھ سال تک آئی پی ایل میں چنئی کی ٹیم سے کھیلے تھے لیکن اس بار نیلامی میں انہیں پنجاب ٹیم نے خریدا اور اپنا کپتان بنایا۔پنجاب کے مینٹروریندر سہواگ نے اشون کی صلاحیتوں پر پورا بھروسہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ٹیم کو پلے آف تک لے جا سکتے ہیں۔ پنجاب نے دہلی کے خلاف کافی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا اور اس میچ میں پنجاب کے اوپنر لوکیش راہل نے آئی پی ایل کی سب سے تیز نصف سنچری بھی بنائی تھی۔پنجاب کے لیے اگر کوئی تشویش کی بات ہے تو وہ یوراج سنگھ کی فارم ہے جو دہلی کے خلاف 22 گیندوں میں 12 رن ہی بنا سکے ۔ پنجاب نے پہلے میچ میں ویسٹ انڈیز کے دھماکہ خیز اوپنر کرس گیل کو جگہ نہیں دی تھی لیکن جس طرح اس ٹورنامنٹ میں کیریبین کھلاڑی ڈوائن براوو، آندرے رسل اور سنیل نارائن دھماکہ خیز بلے بازی کر رہے ہیں اسے دیکھتے ہوئے اشون ایک بار تو گیل پر غور کر سکتے ہیں۔ راہل کے ساتھ اترے اوپنر مینک اگروال سات اور یوراج 12 رنز ہی بنا پائے تھے ۔ کرونا نائر نے 50 اور ڈیوڈ ملر نے ناٹ آ¶ٹ 24 رنز بنا کر پنجاب کو آسان جیت دلائی تھی۔پنجاب کو اپنے ٹاپ آرڈر میں گیل جیسے دھماکہ خیز بلے باز کی ضرورت ہے ۔دنیا کے بہترین بلے باز بن چکے وراٹ کیلئے آئی پی ایل ہمیشہ پراسرار رہا ہے جہاں ان کی بنگلور ٹیم اچھی کارکردگی نہیں کر پائی ہے ۔بنگلور کی ٹیم کولکاتا کے خلاف 176 رن بنانے کے باوجود ہار گئی تھی۔ٹیم کے پاس برینڈن میک کولم، وراٹ اور اے بی ڈی ولیرس کے طور پر اس فارمیٹ کے سب سے زیادہ خطرناک بلے باز ہیں۔لیکن ان میں سے کسی ایک بلے باز کو پورے 20 اوور تک بلے بازی کرنی ہو گی ۔