بہار میں حادثوں کا اتوار،17 ہلاک

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 30-Apr-2018

بھاگلپورسپول 29 اپریل (تاثیر بیورو): اتوار کو کوسی ندی میں ایک کشتی کے پلٹ جانے سے 8 افراد کی موت ہوگئی۔ موصولہ اطلاع کے مطابق بھاگلپور ضلع کے نوگچھیا تھانہ علاقہ کے رام نگر بند ٹولی میں کشتی ڈوبنے سے 8 افراد کی موت ہوگئی۔ جبکہ سات دیگر افراد کو بچالیا گیا۔ مہلوکین میں لکشمن مہتو، راہل، سونی کماری، خوشبو کماری، نیلیش کمار، گنجا کماری اور ریتا کماری شامل ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ پورنیہ ضلع کے سات بھیا بند ٹولی سے شادی کاکھانا کھا کر لوگ لوٹ رہے تھے۔ سبھی 15 افراد مچھلی مارنے والی ایک چھوٹی سی کشتی پر سوار ہوگئے۔ اوور لوڈ ہونے کی وجہ سے کشتی کا توازن بگڑ گیا اور یہ حادثہ پیش آیا۔ کشتی کو ڈوبتے ہوئے دیکھ کر گاﺅں والوں نے لوگوں کو بچانے کی کوشش کی ۔ لیکن سات ہی لوگوں کو بچاپائے۔ 8 افراد ڈوب کر لقمہ اجل بن گئے۔ نوگچھیا تھانہ کی پولس جائے حادثہ پر پہنچ چکی ہے۔ این ڈی آر ایف کی ٹیم بھی بچاﺅ اور راحت کاری میں مصروف ہے۔ دوسری طرف بھاگلپور اور سپول سمیت ریاست کے کئی اضلاع میں آندھی پانی اور بجلی گرنے سے کم از کم 9 افراد لقمہ اجل بن گئے۔3 افراد بھاگلپور اور2 سپول میں برق باری کا شکارہوئے۔ وزیراعلیٰ نتیش کمار نے کوسی اور مشرقی بہار کے مختلف ضلعوں میں آندھی بارش کے دوران بجلی گرنے سے 9 افراد کی ہلاکت پر گہرے صدمے کااظہار کیاہے۔ وزیراعلیٰ نے مہلوکین کے اہل خاندان کے تئیں گہری ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئےمہلوکین کی آتما کی شانتی کی دعا کی ہے۔ مہلوکین کے ورثا کو بلاتاخیر معاوضے کی رقم ادا کرنے کا حکم دیا ہے۔ ساتھ ہی متاثرہ خاندانوں کو دیگر سہولیات مہیا کرانے کیلئے بھی کہا ہے۔ انہوں نے اس حادثہ میں زخمی ہوئے لوگوں کا معقول علاج کرانے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے ان کی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے۔