بہار کی بیٹی شریسی نے بھارت کودلایاگولڈ

گولڈ کوسٹ، 11 اپریل ( یو این آئی) ہندوستانی نشانہ بازوں نے اپنی شاندار مہم کو برقرار رکھتے ہوئے خاتون نشانہ باز شریس¸ سنگھ نے یہاں 21 ویں دولت مشترکہ کھیلوں میں آج خواتین کے ڈبل ٹریپ مقابلے میں طلائی تمغہ حاصل کرلیا جبکہ مرد نشانہ باز اوم متھروال اور انکور متل نے گولڈ کوسٹ میں کانسے کے تمغے اپنے نام کئے ۔شریسی بہار کے جموئی ضلع کے گدھور کی رہنے والی ہیں۔ ہندوستان کے لیے یہ آسٹریلیا کے گولڈ کوسٹ میں نشانہ بازی میں یہ چوتھا طلائی اور اوورآل 12 واں گولڈ میڈل ہے ۔ نشانہ بازی میں شریس¸ کے طلائی تمغہ کے علاوہ اوم نے مردوں کے 50 میٹر پسٹل مقابلے میں 201.1 کے اسکور کے ساتھ کانسے اور انکور نے فائنل میں 53 کے اسکور کے ساتھ کانسہ جیتا۔ ہندوستان کو 50 میٹر پسٹل مقابلے میں اس وقت گہری مایوسی ہاتھ لگی جب دفاعی چمپئن جیتو رائے اپنے خطاب کا دفاع نہیں کر سکے اور آٹھویں نمبر پر رہ کر باہر ہو گئے ۔ جیتو نے اس سے پہلے 25 میٹر پسٹل مقابلے میں طلائی تمغہ جیتا تھا۔ شریس¸ سے پہلے ہی تمغہ کی کافی امیدیں تھیں اور انہوں نے بھی مایوس نہیں کیا۔ خواتین کی ڈبل ٹریپ مقابلے کے فائنل میں شریسی اور آسٹریلیا کی ایما کاکس 96 اسکور کے ساتھ برابری پر تھیں اور شوٹ آف میں شریسی نے جیت حاصل کرتے ہوئے طلائی تمغہ جیتا جبکہ کاکس کو نقرئی سے اکتفا کرنا پڑا۔ اس مقابلہ کا کانسہ اسکاٹ لینڈ کی لنڈا پیئرسن کو ملا جنہوں نے فائنل میں 87 کا اسکور بنایا۔ 26 سالہ شریس¸ نے 10 مضبوط کھلاڑیوں کی فیلڈ میں حیرت انگیز کھیل دکھاتے ہوئے 24، 25، 22 اور 25 کے اسکور کئے ۔ آسٹریلیائی نشانہ باز کاکس نے 23، 28 اور 27 اور 18 کے اسکور کئے ۔دونوں کا کل اسکور 96 رہا اور طلائی تمغہ کافیصلہ شوٹ آف میں ہوا۔ شریسی کی ساتھی نشانہ باز اور دولت مشترکہ کھیلوں میں پہلی مرتبہ کھیلنے والی ورشا ورمن 86 کے اسکور کے ساتھ چوتھے نمبر پر رہیں اور کانسے کا تمغہ فاتح سے ایک پوائنٹس پیچھے رہ کر میڈل سے چوک گئیں۔ ورشا نے 21، 25، 21 اور 19 کے اسکورکھڑا کیا جبکہ لنڈا نے ان سے آخری را¶نڈ میں ایک پوائنٹس بہتر 20 کے اسکور کے ساتھ پوڈیم پر جگہ بنالی۔ کھیلوں کے ساتویں دن کا پہلا تمغہ ہندستان کے اوم کو ملا جو 50 میٹر پسٹل مقابلے کے کوالیفائی را¶نڈ میں سب سے زیادہ 549 کے اسکور کے ساتھ سب سے اوپر رہے جبکہ دو دن پہلے 10 میٹر ایئر پسٹل میں طلائی جیتنے والے جیتو رائے نے 542 کے اسکور کے ساتھ چھٹے نمبر پر رہ کر فائنل کیلئے کوالیفائی کیا ۔ گزشتہ گلاسگو دولت مشترکہ کھیلوں کے کوالیفائی میں 562 کے اسکور کے ساتھ دولت مشترکہ کھیل میں ریکارڈ بنانے والے جیتو اپنی گزشتہ کارکردگی کو یہاں دہرا نہیں سکے اور فائنل میں وہ آٹھ کھلاڑیوں میں آخری آٹھویں نمبر پر رہے ۔ انہوں نے مایوس کن 105 کا اسکور بنایا۔اس مقابلے میں آسٹریلیا کے ڈینیل رپاچول¸ نے 227.2 کے اسکور بناکر طلائی تمغہ اور بنگلہ دیش کے شکیل احمد نے 220.5 کے اسکور پر چاندی کا تمغہ جیتا ۔ گولڈ کوسٹ میں اوم دو تمغے جیتنے والے حنا سدھو کے بعد دوسرے شوٹر ہیں جنہوں نے دو دن پہلے 10 میٹر ایئر پسٹل میں کانسے کا تمغہ جیتا تھا جبکہ حنا نے نشانے بازی کے پہلے دن 10 میٹر ایئر پسٹل میں چاندی کا تمغہ کے بعد منگل کو 25 میٹر پسٹل میں طلائی تمغہ جیتا ہے ۔ ڈبل ٹریپ کے نمبر ایک نشانہ باز انکور نے بھی دولت مشترکہ کھیلوں میں اپنا کھاتہ کھولا۔ سال 2014 گلاسگو دولت مشترکہ کھیلوں میں مردوں کے ڈبل ٹریپ مقابلے کے سیمی فائنلسٹ رہے انکور نے فائنل میں 53 کا اسکور کیا اور تیسرے مقام پر رہے ۔ ہندوستان کے دیگر نشانہ باز محمد اسد 43 کے اسکور کے ساتھ چوتھے نمبر پر رہے اور تمغے سے چوک گئے ۔