ترقی وہی جو سب تک پہنچے:نتیش

سیتامڑھی 24 اپریل (تاثیر بیورو): وزیراعلیٰ نتیش کمار نے آج ماں جانکی جنم اتسو کے موقع پر سیتامڑھی کے پونورا دھام میں منعقد سیتامڑھی مہوتسو 2018 کا شمع روشن کر افتتاح کیا۔ اپنے افتتاحی تقریر میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ جگت گرو شری رام بھدراچاریہ جی مہاراج نے پہلی ملاقات میںہی جانکی نومی کے موقع پر چھٹی کا اعلان کرنے کی مانگ کی تھی۔ اس پر حکومت نے فوری طور پر فیصلہ لیا ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ غالباََ 9 برسوں سے ہم لگاتار پونورا دھام آرہے ہیں۔وزیراعلیٰ نے ماں جانکی کی پیدائش کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جب متھلا میں زبردست قحط سالی آئی تھی ، لوگ کافی پریشان تھے تبھی راجہ جنک نے ہل چلایا تو ماں جانکی ظاہر ہوئیں۔ اس بات کو پوری دنیا جانتی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ویسے تو پونورا دھام پہلے سے ہی دلکش مقام ہے مگر اسے مزید بہتر بنانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ جگت گرو شری رام بھدراچاریہ کی خدمات کا حوالہ دیتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ مہاراج روحانی جگت کے ساتھ ساتھ سماجی خدمات میں بھی پیش پیش ہیں۔ انہوں نے معذور افراد کیلئے یونیورسٹی قائم کئے، جو اپنے آپ میں بہت بڑی بات ہے۔ میں اس کیلئے جگت گرو شری رام بھدراچاریہ جی مہاراج کا خصوصی طور پر مبارکباد دیتا ہوں۔ وزیراعلیٰ نے بہار میں مرد وخواتین کے درمیان سماجی ، تعلیمی ، معاشی اور سیاسی مساوات کے شعبے میں ریاستی حکومت کے تاریخی اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے نومبر 2005 میں اقتدار کی باگ ڈور سنبھالتے ہیں تین مہینے کے اندر پنچایت انتخاب میں خواتین کیلئے 50 فیصد سیٹوں کا ریزرویشن دے دیا۔ اسی طرح 2007میں بلدیاتی انتخاب میں بھی خواتین کی 50 فیصد کی شراکت مقرر کی گئی۔ اس طرح پنچایت وبلدیاتی انتخاب میں خواتین کیلئے 50 فیصد ریزرویشن والا بہارکو ملک کی پہلی ریاست کا اعزاز حاصل ہے۔مقامی عوامی نمائندگان کے ذریعہ پونورا دھام میں بدحالی کے شکار اسپتال کو درست کرانے کے مطالبے پر وزیراعلیٰ نے ڈی ایم اور کمشنر کو اس ضمن میں تجویز دینے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ 2005 میں ہماری حکومت بنی تب فروری 2006 میں ہم نے سروے کرایا تو پتہ چلا کہ ایک پی ایچ سی میں ایک ماہ میں اوسط کے 39 مریض آتے ہیں۔ تب ہم نے سرکاری اسپتالوں اور صحت مراکز میں ڈاکٹروں اور پارامیڈیکل اسٹاف کا 24 گھنٹے کیلئے انتظام کے ساتھ ساتھ اس وقت کے نائب صدر جمہوریہ بھیرو سنگھ شخاوت کے ذریعہ مفت دوا کی سہولت دستیاب کرائی۔ اس کے بعد فی ماہ مریضوں کی تعداد بڑھ گئی ۔ فی الحال اوسطاََ دس ہزار مریض ایک پی ایچ سی میں ہرایک ماہ علاج کرانے پہنچتے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ میرے ہی دور میں ایسا ہوا کہ بچیاں سائیکل چلاتے ہوئے اسکول جانے لگی ہیں۔ حکومت خواتین کی اختیار کاری کاکام ترجیحی بنیاد پر کررہی ہے۔ پونورا دھام میں جو بھی ترقیاتی کام ہوںگے وہ خواتین کی اختیار کاری پروگرام کے تناظر میں کئے جائیںگے۔ شراب بندی قانون بھی بہار میں اسی نقطہ نظر سے لاگو کیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے بچپن کی شادی اور جہیز کی روایت سے ہونے والی پریشانی کے ضمن میں کہا کہ اس سے سماج کو چھٹکارہ دلانا ہے۔ اس سلسلے میں 14 ہزار کلو میٹر لمبی انسانی زنجیر اسی سال جنوری ماہ میں بنی۔ جس میں شامل ہوکر بہار کے لوگوں نے سماجی خرافات کے خلاف اپنے جذبات کااظہار کیا۔ وزیراعلیٰ نے تقریب میں موجود لوگوں سے اپیل کی کہ اگر آپ نے من بنالیا ہے تو جلد ہی سماج جہیز کی روایت سے پاک ہوگا۔ اس کیلئے آپ کو جہیز دینے اور جہیز کا لین دین کر کے شادی کرنے والوں کی شادی تقریب میں شریک نہیں ہونے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ اس کیلئے ہم سب کو عہد کرنا ہوگا۔اس موقع پر پدم ویبھوشن جگت گرو شری رام بھدراچاریہ جی مہاراج ،ڈپٹی سی ایم سشیل کمار مودی ،تعمیرات سڑک کے وزیر نند کشور یادو ،سیاحت کے وزیر پرمود کمار ، ایم پی پربھات جھا اور رام کمار شرما ،ایم ایل اے سنیل کمار کشواہا اور سیاحت کے سکریٹری پنکج کمار نے بھی خطاب کیا۔ تقریب میں بڑی تعداد میں سیاسی اور سماجی رہنماﺅں کے ساتھ ساتھ متعدد اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔