جدہ میں جان سینا، ٹرپل ایچ اور انڈر ٹیکر رِنگ میں اتر نے کیلئے تیار

جدہ ، 27 اپریل (یو این آئی ) سعودی عرب میں کھیل ، فلم اور ثقافتی شعبوں میں اصلاحات کے بعد اب ملک کے شہر جدہ میں ریسلنگ کے میدان کے مشہور و معروف پہلوان جان سینا، ٹرپل ایچ اور انڈر ٹیکر سمیت کئی بڑے بڑے نام آج سے رِنگ میں اتریں گے اور ایک دوسرے کے مد مقابل ہو ں گے ۔ریسلنگ کے ایونٹ گریٹیسٹ رائل رمبل میں خواتین ریسلرز شامل نہیں کی گئیں تاہم دس میچ منعقد کئے جائیں گے جبکہ پچاس ریسلرز اور سات ٹائیٹلز کے لئے میدان میں اتریں گے ۔ واضح رہے کہ سعودی عرب نے عالمی ریسلنگ انٹرٹینمنٹ ڈبلیو ڈبلیو ای سے آئندہ 10 برس کے لیے کشتی کے مقابلوں کا معاہدہ کیا تھا ،معاہدے کے تحت ڈبلیو ڈبلیو ای آئندہ 10سال تک مختلف سعودی شہروں میں عالمی معیار کی ریسلنگ کا انعقاد کرے گا۔ ان مقابلوں میں مختلف زمرے کے عالمی شہرت یافتہ ریسلرز شریک ہوں گے ، معاہدے کا مقصد کھیل، تفریح اور سیاحت کو فروغ دینا ہے ۔